رسائی کے لنکس

دنیا کا 'سب سے بڑا' مگر مچھ چل بسا


  • مگر مچھ کے پاس قید میں رہنے والے سب سے بڑے مگر مچھ کا اعزاز تھا۔
  • خیال کیا جاتا ہے کہ اس کی عمر 110 سال سے زیادہ تھی جب کہ اس کی لمبائی 18 فٹ تھی۔
  • مگر مچھ بہت بوڑھا ہو گیا تھا اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ جنگلی مگر مچھوں کی عمر سے زیادہ کی زندگی جی رہا تھا: وائلڈ لائف تنظیم

ویب ڈیسک _ دنیا کا سب بڑا اور طویل العمر مگر مچھ آسٹریلیا میں چل بسا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق وائلڈ لائف تنظیم میرین لینڈ میلانیشیا کروکوڈائل ہیبی ٹیٹ نے ہفتے کو بتایا ہے کہ تقریباً 18 فٹ لمبا مگر مچھ 'کیسیئس' جس کے پاس قید میں رہنے والے سب سے بڑے مگر مچھ ہونے کا ورلڈ ریکارڈ تھا، وہ چل بسا ہے۔

اس مگر مچھ کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ اس کی عمر 110 سال سے زیادہ تھی۔

میرین لینڈ میلانیشیا کروکوڈائل ہیبی ٹیٹ نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ ایک ٹن سے زیادہ وزن رکھنے والے کیسیئس کی صحت 15 اکتوبر سے گرتی جا رہی تھی۔

گرین آئی لینڈ میں موجود تنظیم نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ مگر مچھ بہت بوڑھا ہو گیا تھا اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ جنگلی مگر مچھوں کی عمر سے زیادہ کی زندگی جی رہا تھا۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بیان میں کہا گیا کہ کیسیئس کو یاد رکھا جائے گا۔ ہمارا پیار اور اس کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گی۔

گروپ کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ کیسیئس 1987 سے اس پناہ گاہ میں رہائش پذیر تھا۔ مگرمچھ کو پڑوسی شمالی علاقے سے اس پناہ گاہ منتقل کیا گیا تھا۔ اس علاقے کی سیاحتی صنعت میں مگر مچھ ایک اہم حصہ رکھتے ہیں۔

کیسیئس ایک کھارے پانی کا مگر مچھ تھا جس نے قید میں رہنے والے دنیا کے سب سے بڑے مگر مچھ کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اس نے یہ اعزاز 2013 میں فلپائن کے مگر مچھ لولونگ کی موت کے بعد حاصل کیا تھا۔ لولونگ کی لمبائی 20 فٹ سے زیادہ تھی۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG