شمالی یمن کے باغی شیعہ راہنماؤں کا کہناہے کہ سرکاری فورسز نے ایک حکومت مخالف مظاہرے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور کم ازکم سات زخمی ہوگئے۔
ہلاکتوں کی اطلاع شمالی یمن میں جمعے کے روز باغیوں کے ایک ترجمان نے حارف صوفیان کے قصبے میں کیا۔
دوسری جانب ہزاروں مظاہرین نے دارالحکومت صنعامیں اکٹھے ہوکر صدر علی عبداللہ صالح کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔
جب کہ جنوبی شہر عدن میں ہزاروں سوگواروں نے پچھلے ہفتے ہلاک ہونے والے تین مظاہرین کی تدفین میں شرکت کی۔
جمعرات کے روز حزب اختلاف کے گروپوں نے سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے، جس نے ملک میں پچھلے مہینے عوامی بےچینی کی لہر کو جنم دیاتھا، صدر صالح کو اقتدار کی منتقلی کا ایک منصوبہ پیش کیا۔
مسٹر صالح نے حزب اختلاف کے تجویر پرکسی ردعمل کااظہار نہیں کیا۔ ان کا کہناہے کہ وہ 2013ء میں اپنے موجودہ عہدے کی مدت کے اختتام تک نئے انتخابات کرانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔