افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد کابل سے انخلا کرنے والے افغان مہاجرین عارضی رہائش کے لیے امریکی ریاست وسکانسن کے فورٹ میک کوئے فضائی اڈے پر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
امریکی فوج کے فورٹ میک کوئے اڈے سے جاری کئے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کے خصوصی امیگرنٹ ویزا کے درخواست دہندگان، ان کے اہل خانہ اور خطرے سے دوچار دیگر افراد اتوار کے روز فورٹ میک کوئے پہنچے۔
یہ مہاجرین امریکہ آنے والے ان افغان باشندوں کے علاوہ ہیں، جو اپنے خصوصی امیگریشن کے پراسس کے مکمل ہونے کے لیے ریاست ورجینیا کے فورٹ لی میں عارضی قیام کے دوران انتظار کر رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں افغانستان سے مزید تارکین وطن کی آمد متوقع ہے۔
فورٹ میک کوئے کی خاتون ترجمان شیرل فلپس نے بتایا کہ مہاجرین کو وولک فیلڈ کے ایئر نیشنل گارڈ بیس پر ہوائی ذریعے سے لانے کے بعد فورٹ میک کوئے پہنچایا جا رہا ہے ، جو میڈیسن سے تقریبا ً 100 میل شمال مغرب میں واقع ہے۔
SEE ALSO: بائیڈن رواں ماہ کابل سے انخلا مکمل کرنے کے لیے پُرامید، نجی پروازوں کی بھی خدمات لیں گےفی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ فورٹ میک کوئے میں کتنے پناہ گزینوں کو رکھا جائے گا۔ تاہم، ان کی مدد کے لیے امریکی فوج اور ریزو کے ایک ہزار فوجی فورٹ میک کوئے میں تعینات کیے گئے ہیں۔
فورٹ میک کوئے امریکہ کی ان تین فوجی تنصیبات میں سے ایک ہے، جنہیں محکمہ دفاع نے افغان مہاجرین کی عارضی رہائش کے لیے منظور کیا ہے۔
امریکہ کی ناردرن کمانڈ وسکانسن بیس کے ساتھ ساتھ فورٹ لی، ٹیکساس کے فورٹ بلیس اور ممکنہ طور پر دیگر فوجی تنصیبات میں مہاجرین کی عارضی رہائشی سہولتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔
فورٹ میک کوئے میں ماضی میں بھی سن 1980 میں کیوبا کے 14 ہزار مہاجرین کے لیے عارضی پناہ کا بندوبست کیا گیا تھا جو فیڈل کاسترو کی حکومت کے خوف سے فرار ہو کر آئے تھے۔