|
کسی بھی علاقے میں سرکاری طور پر رہائشی حیثیت حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا۔ اس کے لیے کئی سرکاری دستاویزات اور ضابطے کی شرائط پوری کرنا ہوتی ہیں۔ لیکن امریکی ریاست ساؤتھ ڈکوٹا میں آپ صرف ایک رات گزار کر وہاں کا ڈومیسائل حاصل کر سکتے ہیں۔
رات بسر کرنے کی شرط بھی بہت نرم ہے۔ آپ ساؤتھ ڈکوٹا کے کسی کیمپنگ گراؤنڈ میں ٹھہر سکتے ہیں۔ ہوٹل میں کوئی کمرہ لے سکتے ہیں یا ان کمپنیوں کی مدد لے سکتے ہیں جو ڈومیسائل سے متعلق کاغذی کارروائی مکمل کرنے میں رہنمائی کرتی ہیں۔
امریکہ کی اکثر ریاستوں میں رہائشی ہونے کے لیے آپ کو وہاں کم ازکم ایک سال مستقل طور پر رہنا ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ کے پاس رہائش کا پتہ جس پر آپ کے نام پر مستند ڈاک آتی ہو، مکان کی لیز یا اسے خریدنے کی دستایزات، ریاست کا جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس یا شناختی کارڈ، ووٹر کے طور پر اندارج کا ثبوت اور اسی طرح کئی شرائط پوری کرنا ہوتی ہیں۔ لیکن ساؤتھ ڈکوٹا میں ایسی شرائط نرم اور کم ہیں۔
ساؤتھ ڈکوٹا پرکشش کیوں ہے؟
امریکہ میں اکثر لوگ دوسری ریاستوں میں سکونت اختیار کرتے رہتے ہیں، جس میں ملازمت، کاروبار، کم ٹیکسز، سستی رہائش، بہتر سہولتیں اور ماحول، اور کئی دوسری وجوہات ہوتی ہیں۔
ساؤتھ ڈکوٹا ان لوگوں کے لیے کشش رکھتا ہے جو ٹیکسوں میں رعایت اور سستی رہائش کی تلاش میں ہوتے ہیں، کیونکہ ساؤتھ ڈکوٹا میں انکم ٹیکس نہیں ہے اور گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس بھی کم ہے ۔ مکان سستے اور کرائے کم ہیں۔ وہاں کم آمدنی میں بھی گزر بسر ہو جاتی ہے۔
اس پالیسی سے وہ لوگ بھی فائدہ اٹھاتے ہیں جن کا روزگار تو کسی دوسری ریاست میں ہے اور وہ رہتے بھی وہیں ہیں، لیکن ان کی رہائش کا پتہ ساؤتھ ڈکوٹا کا ہے۔ جس کی وجہ سے انہیں اپنی آمدنی پر ریاستی انکم ٹیکس نہیں دینا پڑتا اور گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس بھی انہیں سستی پڑتی ہے۔ لیکن دوسری جانب ریاست بڑی تعداد میں گاڑیوں کی رجسٹریشن سے زیادہ آمدنی حاصل کر لیتی ہے۔
آسان ڈومیسائل کے مشکل مسائل
اس نظام سے ریاست میں کچھ مسائل بھی پیدا ہوئے ہیں۔ کئی مقامی سیاست دانوں کا کہنا ہے کہ ڈومیسائل رکھنے والے جو لوگ ساؤتھ ڈکوٹا میں نہیں رہتے، انہیں یہاں کے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ دینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ جب کہ کئی دوسروں کا کہنا ہے کہ ووٹ ڈالنے کے لیے طویل مدت تک رہنے کی شرط ہر شخص کو ووٹ کا حق دینے کے اصول کی نفی کرتی ہے۔
2023 میں ریاست کی اکثریتی ریپبلیکن پارلیمنٹ نے ایک قانون کی منظوری دی تھی جس میں ووٹ ڈالنے کے لیے 30 دن رہائش کی شرط عائد کی گئی تھی۔ تاہم اس کے لیے مسلسل 30 دن تک ریاست میں رہنا ضروری نہیں تھا۔
سوفالز کے انتخابی حلقے کی ڈیموکریٹک رکن پارلیمنٹ لنڈا ڈوبا کہتی ہیں کے ان کے حلقے میں 10 ہزار یا تقریباً 40 فی صد لوگ وہ ہیں جن کے ووٹ کا اندارج تو موجود ہے لیکن وہ کسی اور ریاست میں رہتے ہیں۔
ایک ری پبلکن نمائندے جان ہینسن نے بتایا کہ ڈومیسائل رکھنے والا ایک شخص آئیوا میں کام کرتا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی عملی طور پر ساؤتھ ڈکوٹا میں نہیں رہا۔
ریاست میں نہ رہنے والوں کے لیے ووٹنگ کے حق اور مخالفت میں کافی گروپ موجود ہیں اور 30 دن کی رہائش کی شرط واپس لینے پر بھی بڑا دباؤ ہے۔
سینٹ تھامس یونیورسٹی میں قانون کے پروفیسر ڈیوڈ شلز کہتے ہیں کہ ووٹنگ کے لیے رہائشی مدت کے تقاضے، عمومی طور پر، غیر آئینی ہیں کیونکہ اس طرح کی پابندیاں سفر کرنے کے بین الریاستی حق میں رکاوٹ ہیں۔
اسی طرح ایک قریبی ریاست نے یہ سوال اٹھایا ہے کہ ساؤتھ ڈکوٹا میں آسانی سے رہائشی درجہ مل جانے کے باعث بہت سے لوگ وہاں کا ڈومیسائل لے کر انکم ٹیکس بچانے کا راستہ ڈھونڈ لیتے ہیں اور وہ اس بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں۔
خانہ بدوش طرز زندگی میں سہولت
امریکہ میں ایسے لوگ بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں جو زمین پر بنے ہوئے پکے مکانوں کی بجائے موبائل ہومز میں رہنا پسند کرتے ہیں۔ ان کی گاڑی ہی ان کا گھر ہوتا ہے اور وہ خانہ بدوشوں کی طرح نگرنگر گھوم کر زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں۔
ایسے لوگوں کے لیے اکثر شہروں میں موبائل ہومز پارک ہوتے ہیں جہاں انہیں عارضی طور پر بجلی پانی اور دیگر بنیادی ضروریات مل جاتی ہیں۔ ساؤتھ ڈکوٹا میں بھی موبائل ہومز پارک موجود ہیں اور وہاں قیام کرنے والے ساؤتھ ڈکوٹا کا ڈومیسائل حاصل کرنے کے اہل بن جاتے ہیں۔
سپئیرفش میں واقع ایک موبائل ہومز پارک کے مالک ڈین گوئٹز کہتے ہیں موبائل ہوم میں رہنے والے ہمیشہ سفر میں رہتے ہیں، جب وہ یہاں رکتے ہیں تو ہم انہیں اپنے گھر سے رابطہ رکھنے کے لیے ایڈریس فراہم کرتے ہیں۔
وکٹر روبلڈو نے بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث ایک دہائی قبل اپنی بیوی اور پانچ بچوں کے ساتھ کیلی فورنیا چھوڑ کر ایک موبائل ہوم لے لیا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ ساؤتھ ڈکوٹا پیسے بچانے اور اپنی ڈاک وغیرہ حاصل کرنے کے لیے ایک اچھی جگہ ہے۔ انہوں نے 2020 میں ڈومیسائل کے لیے درخواست دی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ یہاں یہ بہت آسان ہے۔ موبائل ہوم پارک میں ایک رات گزارو۔ ان سے رسید لے کر دفتر جاؤ۔ کچھ فارم بھرو، اپنا ڈرائیونگ لائسنس تبدیل کراؤ اور بس۔۔ آپ صرف 48 گھنٹوں میں یہاں کے رہائشی بن گئے۔
(اس رپورٹ کی معلومات اے پی سے لی گئی ہیں)