ہیری پوٹر کی پہلی فلم دس سال پہلے ریلز ہوئی تھی اور اس دوران ہیری پوٹر کی نئی کتابوں اوران پر فلمیں بننے کا سلسلہ جاری رہا۔ ان دنوں اس سلسلے کی آخری کتاب Harry Potter and the Deathly Hallows، پر مبنی نئی فلم شائقین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ہیری پوٹر سیریز کی یہ آخری فلم دوحصوں پر مشتمل ہے اور اس کا دوسرا حصہ اگلے سال ریلز کیا جارہا ہے۔
اس فلم میں وولڈیموٹ ، دنیا کا سب سے طاقتور اور خطرناک جادوگر دنیا کو زیر کرنے کے در پے ہے ۔ اور بدی کی طاقتوں کے ہر حملوں سے بچ جانے والا ، صرف ہیری پوٹر ہی ایک ایسا لڑکا ہے جو اب تک اس کے راستے میں حائل رہا ہے۔
ہیری اور اس کے دو دوست ہرمائنی اور رون اس تگ و دو میں کہ کسی طرح ہورکرکس نامی ان جادوئی چیزوں کو ڈھونڈ کر تباہ کر سکیں جو وولڈوموٹ استعمال کرنا چاہتا ہے۔
فلم میں ایما واٹسن نے ہرمائنی کا کردار نبھایا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ وولڈوموٹ نے اپنی روح کو سات حصوں میں تقسیم کر رکھا ہے اور ان حصوں کو اپنے ماضی سے متعلق مختلف چیزوں میں چھپا کر رکھا ہوا ہے تاکہ وہ لافانی ہوجائے۔
ڈینیل ریڈ کلف نے ایک بار پھر ہیری پوٹر کا کردار ادا کیا۔وہ کہتے ہیں کہ انہیں معلوم ہے کہ ہر دن مشکل ، خوفناک اور پریشان کن ہوگا۔ یہ ان تین کرداروں کے لیے یہ ایک مشکل فلم ہے۔
خطروں کے درمیان گھرے ہوئے یہ تینوں دوست محفوظ نہیں۔ ان کے سکول ہیگ وارٹس میں بھی ان پر حملے ہوتے ہیں۔
فلم کے مناظر زیادہ تر تاریک اور افسردہ ہیں۔ جہاں جہاں وولڈوموٹ اپنی طاقت کا ستعمال کرتا ہے،غم اور ظلمت کی فضا دکھائی گئی ہے ۔
رالف فائنس نے وولڈوموٹ کا کردار ادا کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ میرے خیال سے وہ ہیری پوٹر کی اچھائی سے ڈرتا ہے۔