بھارتی مسافر طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

فائل فوٹو

بھارتی ایئرلائن 'انڈی گو' کے مسافر طیارےنے کراچی ایئرپورٹ پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہنگامی لینڈنگ کی جس کے بعد مسافر طیارے کو رات کو ہی اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ایئر 'انڈی گو' کا جہاز دہلی سے دوحہ جا رہا تھا کہ پائلٹ نے طیارے میں سوار بیمار مسافر کی حالت بگڑںے پر جہاز کو کراچی کی طرف موڑنے کی درخواست کی۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق بھارتی طیارے میں 163 مسافر سوار تھے اور طیارے نے تقریباً 12 بج کر 12 منٹ پرجناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا ۔

اس سے قبل جولائی 2022 میں شارجہ سے حیدرآباد دکن آنے والے بھارتی طیارے نے تکنیکی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی۔

پیر کوبھارتی طیارے کی لینڈنگ سے متعلق حکام کا کہنا ہے کہ 'انڈی گو' ایئرلائن کے طیارے میں سوار 60 سالہ نائجیرین شہری عبداللہ لینڈنگ سے قبل ہی جہاز میں انتقال کر چکا تھا جب کہ سول ایوی ایشن کے ڈاکٹرز نے طبی معائنے میں مسافر کی موت کی تصدیق کی اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق ایئر 'انڈی گو' کا جہاز صبح چار بج کر چھ منٹ پر واپس اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گیا ہے۔