توہینِ مذہب کا الزام؛ 75 برس میں 1415 مقدمات، 89 افراد ماورائے عدالت قتل

فائل فوٹو

پاکستان میں توہینِ مذہب کے مقدمات کے رجحان کے بارے میں اسلام آباد کے ایک تھنک ٹینک نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ملک کے قیام سے اب تک 1415 افراد پر توہینِ مذہب کے الزامات لگے یا ان پر مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 89 افراد کو مبینہ طور پر ماورائے عدالت قتل کیا گیا ہے۔

سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق توہینِ مذہب کا الزام لگائے جانے کے بعد مبینہ ماورائے عدالت قتل کیے جانے والے افراد میں 18 خواتین اور 71 مرد شامل ہیں۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2011 سے 2021 کے دوران توہینِ مذہب کے الزامات کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے اور اس عرصے کے دوران 1287 شہریوں کے خلاف الزامات عائد کیے گئے۔

رپورٹ میں 1947 سے 2021 تک توہینِ مذہب کے مقدمات کا احاطہ کیا گیا ہے جس کے مطابق مجموعی طور پر توہینِ مذہب کے 1415 مقدمات درج کیے گئے جن میں 107 خواتین جب کہ 1308 مردوں پر الزام لگایا گیا۔ تھنک ٹینک نے یہ اعداد و شمار اخبارات میں شائع شدہ خبروں کی بنیاد پر مرتب کیے ہیں۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ توہینِ مذہب کے الزامات کے واقعات کی اصل تعداد ان اعداد و شمار سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

پنجاب میں 70 فی صد مقدمات

اس رپورٹ کے مطابق توہینِ مذہب کے 70 فی صد مقدمات یعنی 1098 مقدمات پنجاب میں دائر کیے گئے جو کہ ایک تشویشناک رجحان ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

سیالکوٹ میں ہلاک کئے گئے سری لنکن شہری کی آخری رسومات

رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں توہینِ مذہب کے 55 مقدمات درج ہوئے جو کہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مجموعی مقدمات سے بھی زائد ہیں۔

پنجاب میں سب سے زیادہ توہینِ مذہب کے مقدمات کے بعد سندھ میں یہ تعداد 173، خیبر پختونخوا میں 33، بلوچستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں 11 مقدمات سامنے آئے ہیں۔

پاکستان میں 1947 سے تاحال توہینِ مذہب کے 1415 مقدمات
مقدمات کی تعداد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد55
پنجاب1098
سندھ173
خیبر پختونخوا33
بلوچستان12
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر11
گلگت بلتستان7
مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش)1
بیرون ملک مقیم پاکستانی25

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ توہینِ مذہب کے غلط استعمال کو عدالتیں غیر قانونی اقدام قرار دے چکی ہیں اور ماضی میں اسلام آباد ہائی کورٹ یہ تجویز کر چکی ہے کہ توہینِ مذہب کے غلط الزام لگانے والوں کو بھی اسی قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہیے۔

امریکہ کے مذہب کے حوالے سے بین الاقوامی آزادی کمیشن کے مطابق اس وقت پاکستان کی جیلوں میں 80 افراد توہینِ مذہب کے الزام میں قید ہیں جن میں سے نصف سے زائد ملزمان کو عدالت عمر قید یا پھر موت کی سزا سنا چکی ہے۔

’جب قانون میں خامی ہو تو غلط استعمال بھی ہوتا ہے‘

انسانی حقوق کمیشن پاکستان(ایچ آر سی پی) کی سابق چیئرپرسن زہرہ یوسف کہتی ہیں کہ یہ رپورٹ ہمارے قانون سازوں اور حکومتی شخصیات کے لیے تنبیہ ہے کہ توہینِ مذہب کے قانون کے غلط استعمال کے بڑھتے ہوئے غلط رجحان کو روکیں اور اگر یہ رجحان یوں ہی چلتا رہے گا تو مزید بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ کو دیکھا جائے تو جنرل ضیا الحق کے زمانے میں توہینِ مذہب کے قانون میں کی جانے والی ترامیم کے بعد سے مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

وہ کہتی ہیں کہا کہ جب قانون میں خامیاں اور سقم ہوتا ہے تو اس کا غلط استعمال بھی کیا جاتا ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

عورت مارچ منتظمین کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ

وہ کہتی ہیں کہ سیالکوٹ میں توہینِ مذہب کے نام پر سری لنکا کے شہری کے حالیہ قتل کے واقعے کے بعد وزیرِ اعظم اور آرمی چیف کی سطح پر اس واقعے کی مذمت کی گئی البتہ 89 پاکستان کے شہریوں کے مبینہ قتل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

’توہینِ مذہب کے قانون کا غلط استعمال ہوتا ہے‘

اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کہتے ہیں کہ بعض لوگ توہینِ مذہب کے قانون کا غلط استعمال کرتے رہے ہیں اور اپنی ذاتی رنجشوں پر توہینِ مذہب کے غلط الزام لگاتے رہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو میں قبلہ ایاز نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل میں یہ سوال اکثر و بیشر سامنے آتا ہے کہ توہینِ مذہب کے غلط استعمال کو روکا جائے اور سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی پرتشدد ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد اس موضوع پر خاصی بحث ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکن شہری کی ہلاکت کے واقعے سے بھی ثابت ہوا کہ ذاتی جھگڑے اور مفاد کی خاطر توہینِ مذہب کا غلط الزام لگا کر اسے بے دردی سے قتل کرکے لاش کو آگ لگا دی گئی۔

قبلہ ایاز نے کہا کہ اس حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل نے تجویز کررکھا ہے کہ توہینِ مذہب کا غلط الزام لگانے والے کو بھی اسی قانون کے تحت سزا دی جانی چاہیے۔

Your browser doesn’t support HTML5

توہین مذہب کے قانون کی زد میں آنے والوں کی نصف تعداد مسلمان ہے

وہ سمجھتے ہیں کہ اس بات کی نوبت نہیں آنی چایئے اور توہینِ مذہب کے قانون کے غلط استعمال سے قبل ہی اسے روکا جانا چاہیے کیوں کہ جب ایک شخص پر الزام لگا دیا جاتا ہے تو چاہے وہ عدالتوں میں غلط بھی ثابت ہو جائے تب بھی اس کی زندگی خطرے میں رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے لیے انتظامی سطح پر ایسے اقدامات کیے جانے چاہیئں کہ توہینِ مذہب کے غلط الزامات لگائے ہی نہ جاسکیں۔