سڈنی ٹیسٹ: روہت شرما پلیئنگ الیون سے آؤٹ، بھارتی ٹیم 185 پر ڈھیر

  • روہت شرما کی جگہ فاسٹ بالر جسپریت بمرا سڈنی ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
  • سڈنی ٹیسٹ سے قبل ہی اشارے مل رہے تھے کہ روہت شرما کو ڈراپ کر دیا جائے گا۔
  • بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 185 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت 40 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
  • روہت شرما کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے شبمن گل بھی 20 رنز کی اننگز ہی کھیل سکے۔
  • آسٹریلیا کی جانب سے اسکاٹ بولاند نے چار اور مچل اسٹارک نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویب ڈیسک _ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری ٹیسٹ جمعے سے شروع ہو گیا ہے۔ بھارتی کپتان روہت شرما ٹیم 11 رکنی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جن کی غیر موجودگی میں فاسٹ بالر جسپریت بمرا ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا میچ دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے۔ خاص طور پر مہمان بھارت کے لیے جسے نہ صرف آسٹریلیا کے خلاف سیریز بچانے کا چیلنج درپیش ہے بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے کے لیے بھی اسے لازمی جیت درکار ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچز کی سیریز میں میزبان کینگروز کو 1-2 کی برتری حاصل ہے۔ سڈنی ٹیسٹ کا نتیجہ فیصلہ کرے گا کہ آیا رواں برس جون میں کون سی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں مدِ مقابل ہو گی۔

سڈنی ٹیسٹ کی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم میں ایک بڑا بھونچال آیا ہے۔ سلیکٹرز نے کپتان روہت شرما کو ہی پلیئنگ الیون سے باہر کرتے ہوئے جسپریت بمرا کو قیادت کی ذمے داری سونپی ہے۔

سڈنی ٹیسٹ شروع ہونے سے قبل بھارتی کپتان جسپریت بمرا آسٹریلوی قائد پیٹ کمنز کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

میچ سے قبل ہی اس طرح کے اشارے مل رہے تھے کہ آؤٹ آف فارم کپتان روہت شرما کو سڈنی ٹیسٹ سے ڈراپ کر دیا جائے گا۔

ان قیاس آرائیوں کو اس وقت تقویت ملی جب جمعرات کو پری میچ پریس کانفرنس میں روہت کی جگہ بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے سنبھالی لیکن انہوں نے پلئنگ الیون سے متعلق صحافیوں کے سوالات پر تسلی بخش جواب نہیں دیے۔

البتہ جمعے کو میچ سے قبل بھارتی پلیئنگ الیون کے نام سامنے آئے تو اس میں روہت شرما کا نام شامل نہیں تھا۔ جن کی جگہ اب جسپریت بمرا ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

سیریز کا آخری ٹیسٹ شروع ہونے سے قبل بھارتی کپتان جسپریت بمرا، ٹیم سے ڈراپ ہونے والے کپتان روہت شرما اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر گراؤنڈ میں موجود ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف جمعے کو کپتان بمرا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بظاہر غلط ثابت ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 185 رنز پر پویلین لوٹ چکی ہے جب کہ آسٹریلیا نے پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر نو رنز بنا لیے ہیں۔

بھارتی اوپنرز یشسوی جیسوال اور کے ایل راہول کی جوڑی ایک مرتبہ پھر ناکام رہی۔ گیارہ کے مجموعی اسکور پر راہول چار رنز بنانے کے بعد مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اسی طرح کپتان روہت شرما کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے شبمن گل بھی 20 رنز کی اننگز ہی کھیل سکے۔ مایہ ناز بلے باز وراٹ کوہلی کی اننگز بھی 17 رنز تک محدود رہی جب کہ جیسوال 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے۔ روندرا جدیجا 26، واشنگٹن سندر 14، نتیش کمار صفر، پراسدھ کرشنا تین اور بمرا 22 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسکاٹ بولاند نے چار، مچل اسٹارک تین، پیٹ کمنز دو اور نیتھ لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔