ستیش کوشک کے قتل کا الزام، دہلی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا

فائل فوٹو

بالی وڈ کے مزاحیہ اداکار ستیش کوشک کے انتقال کے بعد بھارت کی ایک کاروباری شخصیت کی بیوی نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے شوہر کی وجہ سے ستیش کوشک کا قتل ہوا ہے۔ اس معاملے پر اب دہلی پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔

اداکار ستیش کوشک نو مارچ کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

بھارتی اخبار 'انڈین ایکسپریس' کے مطابق اداکار کے انتقال کے بعد 11 مارچ کو کاروباری شخصیت وکاس مالو کی دوسری بیوی نے پولیس کمشنر کو ایک ای میل کی۔ اس میل میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ آٹھ مارچ کو ان کے شوہر اور ستیش کوشک کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔

خاتون نے کہا تھا کہ ستیش کوشک ان کے شوہر سے کہہ رہے تھے کہ وہ ان کے 15 کروڑ روپے واپس کریں جو انہوں نے تین برس قبل دیے تھے۔

خاتون نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ ان کے شوہر نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کرستیش کوشک کو قتل کرنے کے لیے ان کے گھر میں منشیات کا استعمال کیا۔

SEE ALSO: بالی وڈ کے مزاحیہ اداکار اور معروف ہدایت کار ستیش کوشک چل بسے

بھارتی اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق دہلی پولیس نے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔

دہلی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اداکار ستیش کوشک کی موت کے معاملے پر ایک خاتون کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

'انڈین ایکسپریس' کے مطابق کاروباری شخصیت وکاس مالو نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے ستیش کوشک کے ساتھ تعلقات بالکل فیملی جیسے تھے اور وہ دونوں ایک دوسرے کو تقریباً تین دہائیوں سے جانتے ہیں۔

وکاس مالو نے کہا کہ انہوں نے ستیش کوشک کے ساتھ کبھی کوئی کاروبار نہیں کیا اور نہ ہی دونوں میں سے کسی نے ایک دوسرے کو قرض دیا۔

انہوں نے اپنی بیوی کی جانب سے لگائے گئے تمام تر الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا۔

اس معاملے میں دہلی پولیس نے خاتون کو بھی بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔