پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نجی دورے پر 8 اپریل کو بھارت جائیں گےاور اُنھوں نے وزیر اعظم من موہن سنگھ کے ساتھ نئی دہلی میں دوپہر کا کھانا کھانے کی دعوت بھی قبول کرلی ہے۔
اتوار کی شب ایک بیان میں صدارتی ترجمان سینٹر فرحت اللہ بابر نے بتایا ہے کہ پاکستانی صدر بھارتی شہر اجمیر شریف جائیں گے، جہاں وہ حضرت خواجہ غریب نواز کے مزار پر حاضری دیں گے۔
’’صدر(زرداری) اُسی روز اسلام آباد واپس آجائیں گے۔‘‘
ترجمان کے بقول، پاکستانی صدر بہت پہلے سے یہ نجی دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے اور اب اِس کی تصدیق کردی گئی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ صدرزرداری کی طرف سےاجمیر شریف کے نجی دورے کی درخواست بھارتی وزارتِ خارجہ کوپاکستان کے دفترخارجہ کی طرف سے چند روزقبل موصول ہوئی تھی، جس کا بھارت نے مثبت جواب دیا۔
پاکستانی صدر اجمیر شریف جاتے وقت نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم کے ظہرانے کی دعوت میں شرکت کریں گے۔
آخری مرتبہ اِن دونوں رہنماؤں کےدرمیان ملاقات سنہ2009 میں روس کے شہر یکاتیرنبرگ میں شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کے موقعے پرہوئی تھی۔
2005ء کے بعد پاکستان کے کسی سربراہِ مملکت کا بھارت کا یہ پہلا دورہ ہوگا، اور یہ ایک ایسے وقت ہورہا ہے جب حالیہ مہینوں میں دوطرفہ تعلقات معمول پرلانے کی کوششوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔