رسائی کے لنکس

رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ پاکستان سپر لیگ سیون کا آغاز


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن کا آغاز ہو گیا ہے جس میں چھ فرنچائز کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے آمنے سامنے ہوں گی جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

اتوار کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں سنگر عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے پی ایس ایل کا تھیم سانگ گا کر حاضرین کو محظوظ کیا جس کے بعدوزیرِِ اعظم عمران خان کا پیغام اسٹیڈیم میں نصب بڑی اسکرین پر دکھایا گیا۔

ایک ماہ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں 27 جنوری سے سات فروری کے درمیان کراچی میں میچز ہوں گے جس کے بعد تمام ٹیمیں لاہور کا رخ کریں گی جہاں 10 فروری کو ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گا۔

ایونٹ کے 15 میچز کراچی جب کہ 19 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

لاہور میں 10 لیگ میچز کے بعد کوالیفائر، دونوں ایلی منیٹرز میچز ہوں گے اور اس ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز 23 فروری کو ہو گا۔ ایونٹ کا فائنل27 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دو بہترین ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

پی ایس ایل سات کے لیے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی جانب آنے والے کئی راستے بند کر دیے گئے ہیں جب کہ کرونا وبا کے باعث صرف 25 فی صد شائقین کو گراؤنڈ میں آ کر میچ دیکھنے کی اجازت ہے۔

سیکیورٹی کے لیے پاکستانی فوج، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری اسٹیڈیم کے اطراف اور ٹیموں کو ہوٹل سے اسٹیدیم لانے والے روٹ پر تعینات کی گئی ہے۔

پی ایس ایل 7 کے آغاز سے قبل ہی کئی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے باعث پی ایس ایل انتظامیہ نے متبادل حکمتِ عمل تیار کر لی ہے۔

نئے قانون کے تحت اگر کسی ٹیم کے کم از کم 13 کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آجائیں، تو اس صورت میں میچ منسوخ نہیں ہو گا۔

ایک بھی کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ ٹیم پی ایس ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی کی اجازت کے بعد متبادل کھلاڑیوں کے پول میں موجود کسی بھی کھلاڑی کو اسکواڈ کا حصہ بناسکتی ہے۔

پی ایس ایل: ماضی کے ایڈیشنز میں کون کون کامیاب ہوا؟

پاکستان سپر لیگ کے اب تک چھ ایڈیشن ہو چکے ہیں۔ پانچ ٹیمیں اب تک ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئیں۔ ہر ٹیم کم از کم ایک بار ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوئی لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ وہ واحد ٹیم ہے جس نے دو مرتبہ پی ایس ایل جیتی اور لاہور قلندرز کوئی ٹائٹل اپنے نام نہ کر سکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2016 میں ہونے والا پہلا اور 2018 میں کھیلا جانے والا تیسرا ایڈیشن اپنے نام کیا تھا۔ پی ایس ایل ٹو کی فاتح پشاور زلمی رہی جب کہ چوتھی پی ایس ایل کا تاج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سر پر سجا تھا۔

سال 2020 میں ہونے والی پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ کراچی کنگز کی ٹیم فائنل میں بھی پہنچی اور ٹرافی بھی جیتی۔ اس وقت پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی ٹیم ہے جس نے پہلی مرتبہ ایونٹ میں شرکت 2018 میں کی اور صرف چوتھی ہی کوشش میں ٹائٹل اپنے نام کیا۔

XS
SM
MD
LG