ویب ڈیسک۔امریکی ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ ننینسی کے شوہر پال پر، گھر میں گھس آنے والےایک حملہ آور نے "پرتشدد حملہ" کیا ہے، وہ اب ہسپتال میں ہیں اور ان کی مکمل صحت یابی کی امید ہے ۔صدر بائیڈن اور دونوں جماعتوں کے قانون سازوں نے اس حملے پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے، پیلوسی کے خاندان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان ڈریو ہیمل نے کہا کہ جمعہ کو صبح کے وقت سان فرانسسکو میں نینسی کی رہائش گاہ میں میں گھس آنے والےایک شخص کے حملے کے وقت پیلوسی رہائش گاہ میں نہیں تھیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، واقعے کی تحقیقات سے واقف دو افراد نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر بتایا ہے کہ پال پیلوسی پر حملہ آور نے ہتھوڑے سے حملہ کرکے انہیں شدید ضرب پہنچائی۔ ان کے مطابق، 82 سالہ پیلوسی کو سر اور جسم پر blunt force trauma کا سامنا کرنا پڑا، جس سے مراد ہتھوڑے سے حملے کے نتیجے میں پیش آنے والا ٹراما ہے۔
زخموں اور شدید سوجن اور دیگر زخموں کے لیے ڈاکٹر ان کا علاج کر رہے ہیں۔
حملہ کرنے کرنے والا شخص پال پر تشدد کے دوران چیخ چیخ کر پوچھ رہا تھا کہ ’’ نینسی کہاں ہے، نینسی کہاں ہے‘‘۔
حملہ آور حراست میں ہے اور حملے کے محرکات کی تفتیش جاری ہے۔
ہیمل نے ایک بیان میں کہا، "اسپیکر اور ان کا خاندان حملے کے بعد سب سے پہلے پہنچنے والے سکیوریٹی کے اہل کاروں اور طبی عملے کے مشکور ہیں، اور اس وقت پرائیوسی کی درخواست کرتے ہیں۔"”
وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کرائن جین پیئر نے کہا کہ صدر جو بائیڈن بھی نینسی پیلوسی سے رابطے میں ہیں۔
جین پیئر نے کہا، "صدر، پال پیلوسی اور اسپیکر پیلوسی کے پورے خاندان کے لیے دعاگو ہیں،" آج صبح انہوں نے اسپیکر پیلوسی کو فون کرکے اس خوفناک حملے کے بعد اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ "
"وہ اس پر بھی بہت خوش ہیں کہ مکمل صحت یابی کی توقع ہے۔ صدر ہر قسم کےتشدد کی مذمت کرتے ہیں، اور ان کا کہنا ہے کہ خاندان کی پرائیوسی کی خواہش کا احترام کیا جائے۔" جین پیئر نے کہا۔
سینیٹ کے اکثریتی لیڈر، نیویارک کے ڈیموکریٹ چک شومر نے پال پیلوسی پر پرتشدد حملے پرایک بیان میں کہا "پال پیلوسی کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ایک بزدلانا فعل تھا۔ میں نے آج صبح سپیکر پیلوسی سے بات کی ہے اور ان کے شوہر اور ان کے خاندان کے لیے اپنی گہری تشویش اور دلی خواہشات کا اظہار کیا، اور میں ان کی جلد صحت یابی کامتمنی ہوں۔
ریاست مونٹینا کے ریپبلکن قانون ساز سین رائے بلنٹ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا۔
بلنٹ کا کہنا تھا،"ہم پچھلے 2 عشروں میں بہت سے واقعات میں پیلوسیز (خاندان) کےساتھ رہے ہیں اور ہمیں اپنے دونوں خاندانوں، اوران چیلنجوں کے بارے میں بات کرنے کے بہت سے موقع ملے ہیں جوسیاسی خاندان کا حصہ ہونے کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔ میں آج پیلوسی خاندان کے بارے میں سوچ رہا ہوں،"
پیلوسی اس ہفتے ہی یورپ میں ایک سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد واشنگٹن واپس آئی ہیں اور وہ ہفتے کی شام نائب صدر کملا ہیرس کے ساتھ ایڈووکسی کی ایک تقریب میں مرکزی مقرر کی حیثیت سے شرکت کرنے والی ہیں۔
اگرچہ حملے کے واقعات کی صورتحال واضح نہیں ہے، لیکن یہ واقعہ کانگریس کے ارکان اور ان کے خاندانوں کی حفاظت کے بارے میں مزیدسوالات اٹھاتا ہے۔
2020 میں امریکی دارالحکومت میں کیپیٹل ہل پرہونےوالے پر تشدد واقعات کے تقریباً دو برس بعد بھی قانون سازوں کے لیے خطرات کا امکان اب بھی ہمیشہ کے مقابلے میں کہیں زیادہ بلند ہے۔
کانگریس کے اراکان کو گھروں پر ان کی سکیورٹی کے لیے اضافی رقوم دی جاتی ہیں لیکن کچھ لوگوں نے ایسے وقت میں تحفظ کے مزید اقدامات پر زور دیا ہے جب لوگ ان کے گھروں تک پہنچے ہیں اور قانون سازوں کوملنے والے دھمکی آمیز پیغامات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
82 سالہ پال پلوسی ایک مالدار سرمایہ کار ہیں جو زیادہ تر مغربی ساحل پر رہتے ہیں۔
واشنگٹن میں رسمی تقریبات کے دوران وہ اکثراپنی اہلیہ پیلوسی کے ساتھ شرکت کرتے ہیں ان کے پانچ بالغ بچے اور کئی گرینڈ چلڈرن ہیں۔
اس سال کے شروع میں، پال پیلوسی نے کیلیفورنیا کی وائن کنٹری میں مئی میں ہونے والے میں ایک حادثے میں نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے کے جرم کا اعتراف کیا تھا اور انہیں پانچ دن قید کی اور تین سال پروبیشن کی سزا سنائی گئی تھی۔
اخبار نیو یارک ٹائمز نے اس بارے میں اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ پیلوسی اور انکے شوہر 1987 سے سان فرانسسکو کے ایک متمول علاقے’ پیسیفک ہائٹس‘میں سرخ اینٹوں سے بنے تین منزلہ ٹاؤن ہاؤس کے مالک ہیں۔
جنوری 2021 میں، کانگریس کی جانب سے ایک سٹمولس (معاشی نمو کے لیے امدادی اقدامات) بل منظور ہونے کے بعد، ان کے گھرپر توڑ پھوڑ کی گئی، او گریفٹی کے علاوہ سور کا سر فٹ پاتھ پر رکھ دیا گیاتھا۔
یہ توڑ پھوڑ 6 جنوری 2021 کو امریکی کیپیٹل پر حملے سے پہلے ہوئی تھی۔
اخبارمزید لکھتا ہے کہ اس حملے کے بعد کے مہینوں میں، دونوں پارٹیوں کے ارکان کانگریس کے خلاف دھمکیوں اور محاذ آرائیوں میں اضافہ ہوا ہے، جس میں پیچھا کیا جان، ان کے گھروں پر مسلح افراد کی آمد اور حملے شامل ہیں۔
مسٹر پلوسی پر حملے کا مقصد جمعہ کی صبح تک واضح نہیں تھا۔
کیپیٹل پولیس نے کہا کہ کیلیفورنیا میں اس کے فیلڈ آفس سے خصوصی ایجنٹ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ مشرقی ساحل پر کیپیٹل پولیس کے تھریٹ اسیسمنٹ یعنی خطرات کا تجزیہ کرنے والے سیکشن کے تفتیش کاروں کو ایف بی آئی کی مدد کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔
(اس خبر میں مزید تفصیلات شامل ہو سکتی ہیں)