رسائی کے لنکس

چیف جسٹس عمران خان کے الزامات پر فل کورٹ کمیشن بنائیں: شہباز شریف


وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان پر حملے میں ملوث ہونے کا ذرا سا بھی شائبہ ملا تو سیاست چھور کر گھر بیٹھ جاؤں گا۔شہباز شریف نے چیف جسٹس سے عمران خان کے الزامات اور صحافی ارشد شریف کے قتل پر سپریم کورٹ کے فل کورٹ پر مشتمل کمیشن بنانے کی بھی درخواست کر دی۔

ہفتے کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ عمران خان کے الزامات کی پوری تحقیقات کے لیے فل کورٹ کا کمیشن بنائے، تاکہ دُودھ کا دُودھ اور پانی کا پانی ہو۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مجھ پر، رانا ثناء اللہ اور آئی ایس آئی کے ایک افسر پر الزامات عائد کیے ہیں ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ چیف جسٹس سے التماس کرتے ہیں کہ اس ملک کے بہترین مفاد میں یہ فساد، فتنہ ختم کرنے کے لیے اس معاملے پر ایکشن لیں۔


وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ" چیف جسٹس صاحب میں بہت جلد آپ کو خط لکھوں گا کہ فوری طور پر فل کورٹ کمیشن بنایا جائے۔ اگر آپ نے میری فل کورٹ کی درخواست کو منظور نہ کیا تو پھر آنے والے وقت میں ہمیشہ سوالات اُٹھتے رہیں گے۔'

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فل کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گا، وہ سرِ تسلیم خم کرتے ہوئے یہ فیصلہ منظور کریں گے۔

وزیرِ اعظم بولے کہ وفاقی حکومت فل کورٹ کمیشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ پر حملے کی پوری سیاسی قیادت نے مذمت کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سے پوچھا جائے کہ اب تک واقعے کی ایف آئی آر کیوں درج نہیں ہو سکی۔

وزیرِ اعظم کے بقول میڈیکل لیگو سرکاری اسپتال سے ہوتا ہے، لیکن وہ تین گھنٹے کا سفر طے کر کے شوکت خانم اسپتال پہنچ گئے۔

'عمران خان کے الزامات پر بھارت میں خوشی کا سماں ہے'

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ریاستی اداروں اور فوجی قیادت پر الزامات پر بھارت میں خوشی کا سماں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان فوج اور آئی ایس آئی پر ایسے الزامات لگا رہے ہیں جس کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔

تحریکِ انصاف کا ردِعمل

شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے رہنما تحریکِ انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مفرور بھائی لندن میں بیٹھ کر آرمی چیف کا نام لے کر اُن پر کیچڑ اُچھالتے رہے۔

اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ "آج کٹھ پتلی سرکار کے وزیرِ اعظم نے جو بیانیہ بنانے کی کوشش کی اسے عوام بہت پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔"

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اپنے 'مجرم' وزیرِ داخلہ کے ہمراہ فوری طور پر مستعفی ہوں۔

XS
SM
MD
LG