رسائی کے لنکس

فواد کو جیل میں کھانا پہنچانے کی اجازت ملی تو آلو گوشت بھجواوں گی


فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری وائس آف امریکہ کے فیس بک لائیو میں۔
فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری وائس آف امریکہ کے فیس بک لائیو میں۔

واشنگٹن ڈی سی۔ تحریک انصاف کے رہنما، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے پاکستان کے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے شوہر کی گرفتاری کے معاملے پر سو موٹو ایکشن لیں کیونکہ وہ نہ صرف پاکستان کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے نائب صدر ہیں بلکہ سپریم کورٹ کے وکیل بھی ہیں۔ وائس آف امریکہ کے ساتھ گفتگو میں حبا ایمان نے نواز لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی خوش لباسی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ ’ پریزینٹ ایبل‘ ہیں۔

وی او اے کے فیس بک لائیو میں ارم عباسی کے ساتھ گفتگو میں حبا فواد نے کہا کہ ان کے شوہر کو جس انداز میں پکڑا گیا وہ گرفتاری نہیں، اغوا تھا۔

’’ میں اس کو ’ابڈکشن‘ کہوں گی۔ گرفتاری کے لیے کچھ قوانین ہوتے ہیں جن کی پیروی نہیں کی گئی‘‘

ایک سوال کے جواب میں حبا فواد نے بتایا کہ فواد چوہدری اور سب گھر والوں کا مورال بلند ہے اور ان حالات میں تحریک انصاف کی قیادت بشمول سابق وزیراعظم عمران خان کے، سب مسلسل رابطے میں ہے۔

حبا فواد چوہدری نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے، اس کے پیچھے باقاعدہ منصوبہ بندی نظر آتی ہے۔

’’ تحریک انصاف کی حکومت جانے کے بعد جس طرح شہباز گل کو گرفتار کیا گیا، باقی گرفتاریاں ہوئیں یہ خدشات تو تھے کہ ایسا کچھ ہو سکتا ہے۔ لیکن جب پنجاب میں نگران حکومت آئی تو ہمیں زیادہ ’ ہیڈزاپ‘ ملا تھا۔ اور نگران حکومت کے آنے کے 24 گھنٹے بعد فواد کو گرفتار کر لیا گیا۔۔۔۔ اسی طرح مریم نواز آ رہی ہیں، لگتا ہے یہ سب ایک پلان کے تحت ہو رہا ہے۔‘‘

اس فیس بک لائیو میں میزبان ارم عباسی نے ناظرین کی طرف سے آنے والے کئی دلچسپ سوالات بھی حبا فواد سے پوچھے۔

فواد چوہدری دھمکیاں کیوں دیتے ہیں؟ خواتین کے بارے میں نازیبا جملے بازی کیوں کرتے ہیں؟

ان سوالوں پر حبا چوہدری نے کہا کہ فواد دھمکیاں نہیں دیتے، وہ پارٹی کا نقطہ نظر بیان کرتے ہیں۔ وہ پارٹی کا بیانیہ بتا رہے ہوتے ہیں، ان کی ذاتی رائے اس میں شامل نہیں ہوتی۔ اگر وہ پارٹی کے ’ماوتھ پیس‘ ہیں تو پھر ان کو اچھے برے حالات میں ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے۔

حبا چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری نے کبھی کسی خاتون کے بارے میں کوئی نازیبا گفتگو نہیں کی۔ لیکن یہ دیکھیں کہ کئی اینکرز ہیں جو عمران خان کی اہلیہ کے بارے میں نازیبا گفتگو کرتے ہیں۔ وہ بھی تو ایک خاتون ہیں۔

سوشل میڈیا پر مریم نواز کے ساتھ آپ کا موازنہ ہو رہا ہے، کیسا لگ رہا ہے؟

میں تو فواد کا کیس ان کی اہلیہ کی حیثیت سے لڑ رہی ہے نہ کہ سیاستدان کے طور پر، لیکن ہاں موازنہ ہو رہا ہے اور تصویریں لگ رہی ہیں فیس بک پر۔ اب مریم تشریف لا رہی ہیں تو دیکھتے ہیں کہ ان کا استقبال ہم کیسے کرتے ہیں، لوگ کیسے کرتے ہیں اور عوام کیا چاہتے ہیں۔

مریم نواز، سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن)
مریم نواز، سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن)

رہی سیاست کی بات تو میں نے اپنے شوہر کا کیس بحیثیت ایک بیوی کے لڑا ہے اور جو میڈیا کے اندر اور مختلف حلقوں میں، بشمول اوورسیز پاکستانیوں کے، جس طرح مجھے عزت دی گئی ہے میں سب کی مشکور ہوں۔ جب ظلم حد سے برھ جاتا ہے تو میدان میں اترنا پڑتا ہے۔

مریم نواز میں کیا خوبی نظر آتی ہے؟

سیاسی اختلاف اپنی جگہ، مریم نواز میں کیا خوبی نظر آتی ہے؟ حبا فواد نے کہا کہ مریم نواز ’پریزینٹ ایبل‘ ہیں یعنی اچھی شخصیت کی مالکہ ہیں۔ ان کو پتا ہے کہ اچھے امپورٹڈ بیگز کے ساتھ خود کو کیسے ’کیری‘ کرنا ہے۔۔۔۔

تو کیا آپ مہنگے بیگ نہیں خریدتیں؟۔

کیوں جھوٹ بولوں، میں بھی خریدتی ہوں، مگر بہت زیادہ مہنگے نہیں۔ امپورٹڈ بیگز ہیں کچھ پرانے میرے پاس۔

فواد حسین کی گرفتاری پر ان کی بیٹیاں کیا سوچ رہی ہیں؟

حبا فواد نے بتایا کہ بچیاں ابھی بہت چھوٹی ہیں۔ ان کو نہیں معلوم کہ کیا ہو رہا ہے۔

’’ میں کوشش کر رہی ہوں کہ ان کو ابھی نہ ہی پتا چلے۔ لیکن اب چار دن ہو گئے ہیں اور وہ پوچھ رہی ہیں کہ بابا کہاں ہیں۔ دونوں بیٹیاں ان کے ساتھ بہت اٹیچ ہیں اور سوتی بھی فواد کے پاس ہیں۔ اور فواد بھی اگر شہر سے باہر ہوں تو جب ان کو وقت ملتا ہے، وڈیو کال پر بیٹیوں سے بات کرتے ہیں۔ وہ چھوٹی ہیں، بتا نہیں پا رہیں لیکن میں ان کی آنکھوں میں دیکھ سکتی ہوں کہ وہ اپنے باپ کو بہت زیادہ مس کر رہی ہیں۔‘‘

کیا آپ سیاست میں آئیں گی؟

فواد واپس آئیں گے تو سوچیں گے اس بارے میں۔ اگر عوام چاہیے گی تو کوشش کریں گے۔

اس سوال پر کہ اگر فواد چوہدری نا اہل ہو گئے یا ان کو لمبی سزا ملی تو کیا آپ ان کی جگہ الیکشن لڑیں گی؟ اس پر حبا نے کہا کہ فواد جیل سے بھی الیکشن لڑ سکتے ہیں لیکن اگر ناگزیر ہوا تو اس کا فیصلہ فواد اور تحریک انصاف کی قیادت کرے گی۔

فواد کو اگر لمبی جیل ہو گئی تو کھانے میں کیا بجھوایا کریں گی؟

ویسے تو جیل میں کھانا ملتا ہے اور اگر ہمیں بھجوانے کی اجازت ہوئی تو ان کے لیے آلو گوشت بھجوایا کروں گی، ان کو بہت پسند ہے۔

XS
SM
MD
LG