رسائی کے لنکس

متعصبانہ تبصرے پر قہقہ: ویوین رچرڈز کی بیٹی کی رمیز راجا پر تنقید


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجا اپنی ایک پرانی ویڈیو کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں۔

رمیز راجا کی دو ماہ پرانی ایک ویڈیو پر تنقید ہو رہی ہے جس انہیں سابق ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈز اور ان کی اہلیہ نینا گپتا سے متعلق نا مناسب بات پر قہقہہ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سر ویوین رچرڈز اور نینا گپتا کی بیٹی اداکارہ مسابا گپتا نے رمیز راجا کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

مسابا گپتا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر رمیز راجا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی اس حرکت سے ان کے والدین اور انہیں کوئی فرق تو نہیں پڑا لیکن ان کی اپنی ذہنیت کھل کر سامنے آگئی۔

حال ہی میں پاکستانی کرکٹر عبدالرزاق نے بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق نازیبا بیان دیا تھا جس پر انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شدید تنقید کےبعد عبدالرزاق نے ایک ویڈیو بیان میں اداکارہ سے معافی مانگی تھی۔ ابھی عبدالرزاق کا معاملہ سوشل میڈیا پر تھما بھی نہ تھا کہ رمیز راجا کا پرانا کلپ وائرل ہو گیا ۔

مسابا گپتا نے رمیز راجا کے کلپ پر تنقید کرتے کہا ہے کہ"اعلیٰ ظرف ہونے کا تعلق رنگ و نسل سے نہیں اور ان کے والدین اس کی ایک بڑی مثال ہیں۔ لیکن افسوس ہے کہ آپ کے پاس اس کی کمی ہے۔"

انہوں نے رمیز راجا کو مزید کہا کہ وہ مستقبل کی طرف دیکھیں جہاں وہ اور ان کے والدین سر اٹھا کر زندگی گزار رہے ہیں، نہ کہ ایسے مذاق پر ہنسیں جس پر دنیا نے 30 سال پہلے ہی ہنسنا چھوڑ دیا تھا۔

رمیز راجا کی اس پرانی کلپ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔تاہم رمیز راجا کی جانب سے اب تک فوری طور پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

ششانک سنگھ نامی ایکس صارف نے پاکستانی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسابا کو اپنے والدین کی کردار کشی سے زیادہ نسلی تعصب والی بات پر غصہ آیا ہوگا جو ایک قابلِ مذمت بات ہے۔

ایک اور صارف نے کہا کہ ہوسکتا ہے رمیز راجا اور ویوین رچرڈز دوست ہوں لیکن اس لطیفے پر ہنس کر انہوں نے کم ظرفی کا مظاہرہ کیا ہے۔

اسی کی دہائی میں بالی وڈ اداکارہ نینا گپتا اور سر ویوین رچرڈز اخبارات کی سرخیوں کی زینت بنے تھے۔ لیکن دونوں نے کبھی باضابطہ طور پر شادی نہیں کی۔

ان کی بیٹی مسابا 1989 میں نئی دہلی میں پیدا ہوئی تھی جو اب ایک فیشن ڈیزائنر اور اداکارہ ہیں۔ رواں برس کے آغاز میں مسابا کی شادی میں شرکت کے لیے ویوین رچرڈز خصوصی طور پر بھارت بھی آئے تھے۔

مسابا نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے دونوں والد (ویوین رچرڈز اور نینا گپتا کے شوہر ویویک مہرا) کی موجودگی میں نئے رشتے کی شروعات ان کی زندگی کا سب سے یادگار لمحہ ہے۔

نینا گپتا اور ان کی بیٹی دونوں نیٹ فلکس کی بائیوگرافک سیریز 'مسابا مسابا' میں بھی اداکاری کررہی ہیں جس کے اب تک دو سیزن آچکے ہیں۔ اس ویب سیریز کی کہانی ان ہی دونوں خواتین کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جسے ذرا سی تبدیلی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG