رسائی کے لنکس

کیمرون میں دو خودکش دھماکے، 20 افراد ہلاک


دونوں دھماکے یکے بعد دیگرے کیمرون کے شمالی علاقے میں دارلحکومت ماروا کی ایک بڑی مارکیٹ میں ہوئے۔ اس مارکیٹ کے ایک تاجر نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ سینکڑوں لوگ اس دھماکے میں زخمی بھی ہوئے، جنھیں قریبی اسپتالوں میں داخل کردیا گیا ہے

کیمرون کے شمالی علاقے میں ہونے والے یکے بعد دیگرے دو خودکش بم دھماکوں میں بدھ کو 20 افراد ہلاک ہوئے۔ حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ ان حملوں میں نائجیریا کی بوکو حرام ملوث ہے۔

دونوں دھماکے کیمرون کے شمالی علاقے میں دارلحکومت ماروا کی ایک بڑی مارکیٹ میں ہوئے۔ اس مارکیٹ کے ایک تاجر اسمائیلا توقور نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سینکڑوں لوگ اس دھماکے میں زخمی بھی ہوئے، جنھیں قریبی اسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

علاقے کے گورنر، میدیاوا بخاری نے بتایا کہ حکام معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ لیکن، غالب خیال یہی ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق بوکو حرام سے ہے۔

گزشتہ ہفتے کیمرون نائجیریا کی سرحد پر واقع فوٹوکول ٹاؤن میں بوکو حرام کے خود کش حملے کے بعد چہرے ڈھاپنے والا برقعہ اوڑھنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی، کیونکہ بم حملے میں ملوث خاتون دیندار مسلمان کے حلیہ میں تھی۔

کیمرون میں ہونے والا یہ دوسرا خود کش دھماکہ تھا جس میں خاتون ملوث تھیں۔

بوکوحرام نے گزشتہ دو برسوں سے کیمرون میں دھماکوں اور فوج پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے، کیونکہ کیمرون اسلامی انتہاء پسندوں سے لڑنے والی پانچ ملکوں کی فوجیوں پر مشتمل ٹاسک فورس میں شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG