رسائی کے لنکس

کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکہ، دو چینی انجینئرز سمیت تین افراد ہلاک


  • کراچی ایئرپورٹ سے باہر نکلنے والے راستے پر ایک قافلے کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔
  • حکام کے مطابق اس دھماکے میں دو چینی انجینئرز سمیت تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
  • شہر کے مختلف اسپتالوں میں دھماکے میں زخمی ہونے والے 17 افراد کو منتقل کیا گیا۔
  • چین کے سفارت خانے کے مطابق پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چینی عملے کو لے جانے والے قافلے پر حملہ کیا گیا ہے۔
  • پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
  • بلوچستان کی علیحدگی پسند تنظیم نے کارروائی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اس کو خودکش حملہ قرار دیا ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں دو چینی باشندوں سمیت تین افراد ہلاک جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کی ذمہ داری بلوچستان کی علیحدگی پسند تنظیم نے قبول کی ہے۔

سندھ کے وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ اس دھماکے کا نشانہ غیر ملکی تھے۔

اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہونے والے دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور دور تک سنی گئی۔

دھماکہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے باہر جانے والی سڑک پر اس مقام پر ہوا جہاں ہوئی اڈے آنے والوں کے سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑیاں پارک ہوتی ہیں۔ عام طور پر وی آئی پیز کی سیکیورٹی پر مامور گاڑیاں ہی یہاں موجود ہوتی ہیں۔ دھماکے کے بعد وقوعہ پر متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق آٹھ گاڑیاں جل گئی ہیں۔

صوبائی وزیرِ داخلہ ضیا الحسن لنجار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس مقام سے غیر ملکی قافلہ گزر چکا تھا جس کے بعد دھماکہ ہوا۔

ان کے مطابق دھماکے میں سیکیورٹی پر مامور متعدد پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں سمیت عام شہری بھی زخمی ہوئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس متعلق کوئی تھریٹ الرٹ پہلے سے نہیں تھا۔

سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایئرپورٹ کی تمام تنصیبات محفوظ رہی ہیں۔ انہیں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا جب کہ فلائٹ آپریشن بھی معمول کے مطابق جاری ہے۔

دوسری جانب پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ایسٹ زون کراچی غلام اظفر مہیسر نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ دہشت گردی کے عنصر کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

ان کے مطابق دھماکے سے آگ زیادہ پھیلی اور کئی لوگ زخمی ہوئے۔ راستے کو مکمل طور پر سیل کرکے تحقیقات جاری ہیں۔

اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے نے دھماکے بعد جاری پریس ریلیز میں کہا ہے کہ پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چینی عملے کو لے جانے والے قافلے پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب حملہ کیا گیا۔

سفارت خانے کے بیان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں چین کے دو شہری ہلاک جب کہ ایک چینی زخمی ہوا ہے۔

اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے اور کراچی میں قونصلیٹ جنرل نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے دونوں ممالک کے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر صورتِ حال سے نمٹنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چینی سفارت خانے اور قونصلیٹ جنرل نے فوری طور پر ایک ہنگامی منصوبہ شروع کیا ہے جس میں پاکستان سے حملے کی مکمل تحقیقات کرنے، قصور واروں کو سخت سزا دینے اور پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

بلوچستان کی علیحدگی پسند عسکری تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے دھماکے کو خودکش حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

صحافیوں کو بھیجے گئے بیان میں ترجمان کا کہنا تھا کہ حملے میں کراچی ایئرپورٹ سے نکلنے والی چینی انجینئرز اور سرمایہ کاروں کے وفد کو نشانہ بنایا گیا۔

تاہم کراچی میں سیکیورٹی حکام نے اب تک اس دعوے کی تصدیق نہیں کی ہے کہ یہ خود کش حملہ تھا یا نہیں۔

قبل ازیں 19 اپریل کو کراچی کے علاقے لانڈھی میں جاپان کے شہریوں پر بھی اسی طرز کا حملہ کیا گیا تھا۔ وہ اس وقت حملے کا نشانہ بنے تھے جب معمول کے مطابق وہ ایکسپورٹ پراسسنگ زون میں اپنے کام پر جا رہے تھے۔ حملے میں جاپانی شہری محفوظ رہے تھے تاہم واقعے میں ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوا تھا۔

پولیس حکام نے اس وقت بتایا تھا کہ یہ حملہ چینی شہریوں کے شک میں کیا گیا۔

اس سے پہلے بھی کراچی میں بلوچستان کی علیحدگی پسند تنظیم نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ، چینی قونصل خانہ، کراچی یونیورسٹی میں چینی زبان کے انسٹیٹیوٹ اور متعدد چینیوں پر جان لیوا حملے کیے تھے۔

  • 16x9 Image

    محمد ثاقب

    محمد ثاقب 2007 سے صحافت سے منسلک ہیں اور 2017 سے وائس آف امریکہ کے کراچی میں رپورٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کئی دیگر ٹی وی چینلز اور غیر ملکی میڈیا کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبے سیاست، معیشت اور معاشرتی تفرقات ہیں۔ محمد ثاقب وائس آف امریکہ کے لیے ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

  • 16x9 Image

    سدرہ ڈار

    Sidra Dar is a multimedia journalist based in Karachi, Pakistan.

فورم

XS
SM
MD
LG