رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ کےلیے 'زخمی' بھارتی ٹیم کا اعلان


کرکٹ ورلڈ کپ کےلیے 'زخمی' بھارتی ٹیم کا اعلان
کرکٹ ورلڈ کپ کےلیے 'زخمی' بھارتی ٹیم کا اعلان

بھارت کے کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کےلیے 15 رکنی حتمی قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ ٹیم میں حالیہ دورہ جنوبی افریقہ کے دوران زخمی ہونے والے چار کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئر مین کرشنا ماچاری سری کانتھ نے ٹیم کا اعلان بھارتی شہر چنائی میں پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ مہندرا سنگھ دھونی کو کپتانی کے عہدے پہ برقرار رکھا گیا ہے۔

اسکواڈ میں بھارتی ٹیم کے حالیہ دورہ جنوبی افریقہ میں انجری کا شکار ہونے والے اسٹار بلےباز سچن ٹنڈولکر، نائب کپتان وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر اور پروین کمار بھی شامل ہیں۔

انڈین اوپنرز وریندر سہواگ ، گوتم گمبھیر اور بالر پروین کمار جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مختلف انجریز کا شکار ہونے کے بعد جاری ون ڈے سیریز سے آؤٹ ہوگئے تھے جبکہ سچن ٹنڈولکر گزشتہ ہفتے ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ میں ہیم اسٹرنگ کا شکار ہونے کے بعد وطن لوٹ آئے تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کرشناماچاری کا کہنا تھا کہ انجریز کرکٹ اور عام زندگی کا ایک لازمی حصہ ہیں اور ہر ٹیم اس مسئلہ کا شکار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں زخمی کھلاڑیوں کو ان کی طبی رپورٹوں کے بعد اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ ڈاکٹروں کو امید ہے کہ وہ آئندہ ماہ فروری کی 19 تاریخ سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل فٹ ہوجائینگے۔

ٹیم کی بالنگ سائیڈ کو مضبوط بنانے کی غرض سے سلیکٹرز نے چار فاسٹ بالرز اور تین اسپنرز کا بھی انتخاب کیاہے۔ فاسٹ بالرز میں ظہیر خان، پروین کمار، م ناف پٹیل اور اشیش نہرا، جبکہ اسپنرز میں ہربھجن سنگھ، روی چندرن اشوین اور پیوش چاولہ سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

سلیکٹرز کمیٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے ایک انتہائی متوازن ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

15 رکنی بھارتی ٹیم میں کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور نائب کپتان وریندر سہواگ کے علاوہ سچن ٹنڈولکر، گوتم گمبھیر، ورت کوہلی، یووراج سنگھ، سریش رائنا، یوسف پٹھان، ہربھجن سنگھ، روی چندرن ایشون، پیوش چاولہ، ظہیر خان، پروین کمار، مناف پٹیل اور اشیش نہرا شامل ہیں۔

سابق پاکستانی کپتان اور کرکٹ لیجنڈ عمران خان سمیت کئی سابق عالمی کرکٹرز بھارت کو ورلڈ کپ کی ’موسٹ فیورٹ ٹیم‘ قرار دے چکے ہیں۔

بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش 19 فروری سے 2 اپریل تک جاری رہنے والے کرکٹ ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کرینگے۔ ان مقابلوں میں 14 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG