رسائی کے لنکس

سنتھیا رچی کی پی ٹی وی پر ملازمت؟ ٹوئٹر صارفین کیا کہتے ہیں


سنتھیا رچی
سنتھیا رچی

امریکی بلاگر اور دستاویزی فلموں کی ڈائریکٹر سنتھیا رچی کے پاکستان کے سرکاری چینل 'پی ٹی وی ورلڈ' پر پروگرام کرنے کی خبروں پر ٹوئٹر صارفین ناراض ہیں اور اس بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔

پی ٹی وی ورلڈ نے پیر کو پہلے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے یہ خبر پوسٹ کی کہ سنتھیا رچی پی ٹی وی ورلڈ کے لیے کام کریں گی، لیکن جلد ہی اس ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کر دیا گیا۔

اس کے بعد سنتھیا رچی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اس خبر کی تصدیق کی۔

انہوں نے اپنے فیس بک پیج پر بھی پی ٹی وی سے منسلک ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

ٹوئٹر صارف خرم قریشی نے اس خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’’الفا براوو چارلی ویرینٹ۔‘‘

ایک اور صارف روحان احمد نے لکھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنا وعدہ پورا کر دیا، اب غیر ملکی بھی پاکستان میں ملازمتیں حاصل کر رہے ہیں۔

صولت پاشا نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’’یہ تضادات سے بھرا ایک دلچسپ ملک ہے، طلعت حسین، حامد میر اور نصرت جاوید جیسوں کے لیے ٹی وی کے دروازے بند کر کے سنتھیا رچی کو ٹی وی پر پروگرام کرنے کا کانٹریکٹ مل جاتا ہے۔‘‘

صحافی حسن زیدی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ایک ’’لکھاری اور فلم میکر‘‘ جس نے کبھی کچھ نہیں لکھا اور کوئی فلم نہیں بنائی، ''لیکن جیسا کہ آپ جانتے ہیں، ہم نے غلامی کی زنجیریں توڑ ڈالی ہیں''۔

جس پر معروف اداکارہ اور ہدایت کارہ سکینہ سموں نے لکھا کہ اس سے مجھے اپنے بچپن میں سنا ہوا محاورہ یاد آگیا، ''اندھیر نگری چوپٹ راج''۔

سنتھیا رچی کو مبارکباد دیتے ہوئے اینکر اور صحافی فریحہ ادریس نے ان کی نئی ملازمت پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ایک اور صارف فراز عرشی سومرو نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کو سراہنے کے لیے یہ ایک بہترین کاوش ہو گی۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے سنتھیا رچی نے ان کے پی ٹی وی سے منسلک ہونے پر ہونے والی تنقید کو بے جا قرار دیا اور کہا کہ بہت سے پاکستانی امریکہ کے اندر، حتی کہ وائس آف امریکہ میں ملازمت حاصل کرتے ہیں، تو ایسے میں ایک امریکی پی ٹی وی ورلڈ میں کام کیوں نہیں کر سکتا؟

انہوں نے کہا کہ جب سرکاری اداروں میں تبدیلی آتی ہے تو بہت سے لوگ اس سے ناخوش ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بہت سے لوگ ان کے پی ٹی وی سے منسلک ہونے پر خوش بھی ہیں۔

بقول ان کے پاکستان تاریخی طور پر عالمی میدان میں اپنی پوزیشن صحیح سے واضح نہیں کر پایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ بہت سے میدانوں میں کامیابی کی کہانیاں بیان کرنا چاہتی ہیں اور ایسے موضوعات پر بات کرنا چاہتی ہیں جن پر بات کرنا منع ہو۔ وہ عورتوں، اقلیتوں کے حقوق، نوجوانوں کی آواز اور ذہنی صحت سے متعلق شعور دینا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا ہدف ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری کی ترویج کی جائے اور وہ دونوں ممالک کے مابین ایک رابطہ بنانا چاہتی ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی بلاگر سنتھیا رچی نے پچھلے برس پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک پر ریپ کا الزام لگایا تھا، جس پر رحمان ملک نے ان پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا تھا۔

تاہم، رواں برس جنوری میں فریقین نے ایک دوسرے پر الزامات واپس لیتے ہوئے صلح کر لی تھی، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کی درخواستیں خارج کر دی تھیں۔

XS
SM
MD
LG