رسائی کے لنکس

بارش کی پیش گوئی پر سندھ کے بلدیاتی انتخابات ملتوی، پی ٹی آئی اور جماعتِ اسلامی کی مذمت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) نے 24 جولائی کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کر دیا ہے جب کہ 27 جولائی کو قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 کا ضمنی انتخاب بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

کمیشن کے اس فیصلے کے خلاف جماعتِ اسلامی نے 22 جولائی کو الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر دھرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے اس فیصلے کی مذمت کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق موجودہ موسمی حالات اور محرم الحرام کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مختلف حلقوں کے امیدواروں اور عوام نے کمیشن سے الیکشن ملتوی کرنے کی درخواستیں کی تھیں۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ عوامی درخواستوں پر تمام ضروری اقدامات کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ اب 24 جولائی کے بجائے 28 اگست کو ہو گی۔

اسی طرح ای سی پی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 پر پولنگ 27 جولائی کے بجائے 21 اگست کو ہو گی۔ یہ نشست تحریکِ انصاف کے رکن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے لیے کراچی و حیدرآباد کے 16 اضلاع میں 24 جولائی کو پولنگ ہونا تھی۔ کمیشن نے یہ پولنگ ایسے موقع پر ملتوی کی ہے جب سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم میں تیزی دیکھی جا رہی تھی اور جگہ جگہ پارٹی پرچموں اور بینروں کو آویزاں کر دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے بدھ کی شب ایک بیان میں کہا کہ مختلف امیدواروں اور عوام کی درخواستوں پر غور کرنے سے پہلے صوبائی الیکشن کمشنر اور محکمۂ موسمیات سے رپورٹ طلب کی گئی تھی۔

کمیشن کا کہنا تھا کہ محکمۂ موسمیات نے بلدیاتی انتخابات کے روز بارش کی پیش گوئی کی ہے جب کہ صوبائی الیکشن کمشنر نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے آمد و رفت کے ذرائع، پولنگ اسٹیشنز کی عمارتوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصانات، پولنگ کے سامان کی ترسیل اور عوام کو ووٹ ڈالنے میں مشکلات کو مدِ نظر رکھ کر الیکشن ملتوی کیا جا رہا ہے۔

البتہ کمیشن نے اپنی پریس ریلیز میں یہ نہیں بتایا کہ الیکشن ملتوی کرانے کے لیے کس جماعت کے امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں۔

کمیشن کے مطابق انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ ووٹروں اور امیدواروں کی سہولت سمیت انتظامی امور کی بہتری کے لیے کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات نے سندھ میں 24 سے 26 جولائی کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جب کہ محرم الحرام کا آغاز 30 جولائی سے ہو رہا ہے۔

الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنے کا اعلان

جماعتِ اسلامی نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ ملتوی کرنے کی مذمت کی ہے اور اعلان کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے مرکزی صوبائی دفتر کے باہر 22 جولائی کو دھرنا دیا جائے گا۔

امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے فرار کی کوشش کو وہ نامنظور کرتے ہیں۔

انہوں نے کمیشن کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ " یہ کیا مذاق ہے؟ سیاسی ایڈمنسٹریٹر کو برطرف نہیں کیا اور فرمائشی پروگرام پر الیکشن ملتوی کر دیے۔"

تحریکِ انصاف بھی کمیشن کے فیصلے سے ناخوش

تحریکِ انصاف کراچی کے ترجمان ارسلان گھمن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ موسم کا بہانہ بنا کر کراچی و حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے گئے ۔اس فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تیاری پر عوام کا پیسہ لگتا ہے اور انتخابات ملتوی ہونے سے عوام کا پیسہ ضائع کیا گیا ہے۔

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کو جب یہ یقین ہو گیا کہ وہ حیدرآباد اور کراچی میں بلدیاتی انتخابات نہیں جیت رہے اور دونوں شہروں میں ان کا میئر نہیں آ رہا تو انہوں نے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال انتخابات ملتوی کرا دیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG