رسائی کے لنکس

کاپٹک کرسمس سے قبل مصر میں سیکیورٹی انتہائی سخت


کاپٹک کرسمس سے قبل مصر میں سیکیورٹی انتہائی سخت
کاپٹک کرسمس سے قبل مصر میں سیکیورٹی انتہائی سخت

کاپٹک عقیدے کے حامل عیسائیوں کے رواں ہفتے آنے والے کرسمس کے تہوار سے قبل مصر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

مصری حکام کا کہنا ہے کہ کاپٹک عیسائیوں کی 7 جنوری کو آنے والی کرسمس سے قبل ملک بھر کے کاپٹک گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مصر کے شہر اسکندریہ میں ہفتہ کے روز ہونے والی سالِ نو کی تقریبات کے موقع پر ایک کاپٹک گرجا گھر میں کیے گئے بظاہر خودکش حملے میں 21 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

مصری حکام کا کہنا ہے کہ کوپٹک کرسمس سے قبل پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کیے جانے کے علاوہ ملک بھر کی بندرگاہوں اور ایئر پورٹس پر بھی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے تاکہ ہفتے کو رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے ملزمان کی جانب سے ملک سے فرار ہونے کی کوئی کوشش ناکام بنائی جاسکے۔

مصری حکام کو شبہ ہے کہ سالِ نو پہ ہونے والی دہشت گردی کی کاروائی میں القاعدہ سے متاثرمقامی شدت پسندوں ملوث ہوسکتے ہیں۔ حکام نے اسکندریہ شہر سے کئی مسلمانوں کو تفتیش کیلیے حراست میں لیا ہے۔

دریں اثناء فرانس اور جرمنی کی حکومتوں نے کہا ہے کہ ان کی پولیس مسلم شدت پسندوں کی جانب سے ان ملکوں میں مقیم کاپٹک عیسائیوں کو ملنے والی مبینہ دھمکیوں کی تحقیقات کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG