مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے تحریر چوک میں ہزاروں جمہوریت نواز افراد ایک مظاہرے کے لیے اکھٹے ہوئے۔ اس مظاہرے کا اہتمام صدر حسنی مبارک کی اقتدار سے علیحدگی کی خوشی منانے کے لیے کیا گیا تھا۔
مظاہرین نے مصر کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور وہ فوجی بینڈ کی دھنوں پرمارچ کررہے تھے۔
اسی اثناء میں ایک مسلم عالم دین یوسف القاداوی نے مصری فوج سے اپیل کی ہے کہ وہ مسٹر مبارک کے منتخب کردہ سابق کابینہ میں نئے چہرے لانے کے لیے عوام کی آواز پر اپنے کان دھریں کیونکہ کابینہ میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو سابق صدر کے قریبی ساتھی تھے۔
القاداوی نے مصریوں سے بھی یہ اپیل کی کہ وہ نئی لیڈرشپ کے معاملے میں صبر و تحمل سے کام لیں۔ مصر کی فوج نے ، جسے عوام کی مقبولیت حاصل ہے، انتخابات کے نتیجے میں نئی حکومت بننے تک اقتدار سنبھالا ہواہے۔
قاہرہ کا تحریر چوک میں، جو صدر حسنی مبارک کی اقتدار سے علیحدگی کے لیے 18 روز تک مظاہرین کا مرکز بنارہاتھا، جمعے کے مظاہرے میں لوگوں میں جوش وخروش دیکھنے میں آرہاتھا۔