رسائی کے لنکس

دورۂ پاکستان؛ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان


  • پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بین اسٹوکس انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
  • انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے کراچی، ملتان اور راولپنڈی کا انتخاب کیا تھا۔ تاہم نیشنل اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کے باعث اب یہ ٹیسٹ بھی روالپنڈی میں ہی کھیلے جانے کا امکان ہے۔
  • انگلینڈ نے 2022 کے دورۂ پاکستان میں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں تین، صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔

انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے 17 رُکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ کے آغاز میں پاکستان پہنچے گی جب کہ پہلا ٹیسٹ میچ سات اکتوبر کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔

17 رُکنی اسکواڈ میں کپتان بین اسٹوک، ہیری بروک، برائڈن کارس، جورڈن کوکس، زیک کرالی، بین ڈکیٹ، جوش ہل، جیک لیچ، اولی پوپ، میتھیو پوٹس، جو روٹ، جیمی اسمتھ، اولی اسٹون اور کرس ووکس شامل ہیں۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کا فائنل کھیلنے کی اُمیدیں برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہو گی۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے کراچی، ملتان اور راولپنڈی کا انتخاب کیا تھا۔ تاہم کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں ہونے والے تعمیراتی کام کے پیشِ نظر دوسرا ٹیسٹ میچ کسی اور وینیو پر منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ ایک ٹیسٹ میچ ابوظہبی منتقل ہو سکتا ہے۔ تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا تھا کہ تینوں ٹیسٹ میچز پاکستان میں ہی ہوں گے۔

امکان یہی ہے کہ دو ٹیسٹ میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں وائٹ واش کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو تنقید کا سامنا ہے۔ ایسے میں انگلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دینے کے لیے ماہرین کے نزدیک پاکستان کو غیر معمولی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش نے اگست اور ستمبر میں راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچز میں پاکستان کو شکست دے کر ہہلی مرتبہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتنے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی اپنے نام کی تھی۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 2022 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں کھیلے گئے تینوں ٹیسٹ میچز میں اس نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

فورم

XS
SM
MD
LG