امریکہ کی ریاست الی نوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر نے پیر کو ایک قانون پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت ملازمین دفتر سے چھٹی کی کوئی بھی وجہ بیان کر سکتے ہیں۔
الی نوائے امریکہ کی تیسری ریاست ہے جہاں اب ملازمین کو دفتر سے چھٹی لینے کے لیے جواز گھڑنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق الی نوائے میں دفتر مالکان اب کام کرنے کے اوقات کے مطابق سالانہ چھٹیاں فراہم کریں گے اور اس کے لیے ملازمین کو صرف قواعد کے مطابق نوٹس دینا ہوگا۔
نئے قانون کے تحت ملازمین کو چھٹی کی نوعیت اور اس کی تفصیلات بتانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس سے قبل امریکی ریاست میئن اور نیواڈا میں ملازمین کو اپنی چھٹیاں اپنی مرضی سے گزارنے کی اجازت تھی۔
امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سمیت 14 ریاستوں میں اگرچہ قواعد ملازمین کو صحت سے متعلق چھٹیاں فراہم کرتے ہیں لیکن یہ چھٹیاں صرف بیماری کی صورت میں ہی استعمال ہو سکتی ہیں۔
ریاست الی نوائے کے گورنر نے پیر کو شکاگو شہر میں نئے قانون پر دستخظ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی ریاست چاہتے ہیں جہاں خاندان اور کاروبار پھلیں پھولیں اور لوگوں کو اچھی تنخواہ والی ملازمتیں میسر ہوں۔
نئے قانون کے تحت ملازمین کو ہر 40 گھنٹے کے کام کے بعد ایک گھنٹے کی 'سِک لیو'کی سہولت میسر ہوگی۔ یہ سہولت زیادہ سے زیادہ 40 گھنٹے تک کی ہوگی جب کہ مالکان مزید چھٹی بھی دے سکتے ہیں۔
ملازمین کو یہ چھٹی 90 گھنٹے کام کرنے کے بعد میسر ہوگی جب کہ اس قانون میں مالکان کو مخصوص مدت کے لیے رکھے گئے ملازمین پر استثنیٰ حاصل ہوگا۔
اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا۔