رسائی کے لنکس

بھارت ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم، سری لنکا کو 302 رنز سے شکست


کرکٹ ورلڈ کپ میں جہاں بھارت کی پیش قدمی جاری ہے وہیں نئے ریکارڈز بھی بن رہے ہیں۔ ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کو 55 رنز پر آؤٹ کر کے بھارت نے 302 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

یہ اس ایونٹ میں کسی بھی ٹیم کی دوسری بڑی کامیابی کا مارجن ہے، آسٹریلیا کی نیدرلینڈز کے خلاف 309 رنز کی کامیابی اب تک ایونٹ میں کامیابی کا سب سے بڑا مارجن ہے۔

سری لنکا کا 55 رنز کا اسکور نہ صرف اس ورلڈ کپ میں بننے والا سب سے کم اسکور ہے بلکہ آج تک ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کا چوتھا کم ترین اسکور ہے۔

ورلڈ کپ کی ایک اننگز میں سب سے کم ترین اسکور کا ریکارڈ اب بھی کینیڈا کے پاس ہے جو 20 سال پہلے سری لنکا کے خلاف 36 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔

یہ سری لنکا کی سات میچوں میں پانچویں شکست ہے جس کے بعد ان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں۔

اس کے برعکس بھارتی ٹیم نے ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہ کر سب کو حیران کر دیا، اس وقت 14 پوائنٹس کے ساتھ میزبان ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

سری لنکن کپتان کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ، بالرز کو مہنگا پڑ گیا

ممبئی کے تاریخی وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سری لنکن قائد کوشال مینڈس کے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ دینے کی دعوت کو مبصرین نے اس وقت سراہا جب پہلے ہی اوور میں بھارتی کپتان روہت شرما چار رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

لیکن اس کے بعد شبمن گل اور وراٹ کوہلی نے اننگز کو سنبھالا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 189 رنز جوڑ کر بھارت کی پوزیشن مستحکم کی۔

شبمن گل 92 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ کوہلی صرف 12 رنز کی کمی کی وجہ سے سچن ٹنڈولکر کا 49 سینچریوں کا ریکارڈ برابر کرنے سے محروم رہے۔

لیکن ان کے 94 گیندوں پر 88 رنز کی بدولت بھارتی ٹیم ایک بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہوئی۔ اننگز کے آخر میں شریاس ائیر نے بھی صرف 56 گیندوں پر 82 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 357 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھو شنکا 80 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہے، اس کارکردگی کے بعد وہ ایونٹ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر بن گئے ہیں۔

358 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز بد ترین انداز میں ہوا، تین رنز پر ٹیم کے ٹاپ چار بلے باز واپس پویلین جا چکے تھے جس میں کپتان کوشال مینڈس بھی شامل تھے۔

سابق کپتان اینجلو میتھیوز نے 12 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ تھم سکا، مہمان ٹیم کی پانچویں اور چھٹی وکٹ 14 رنز جب کہ ساتویں 22 رنز اور آٹھویں 29 رنز پر گری۔

سری لنکا کے پانچ بلے باز صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جس میں اوپنرز پتھوم نسانکا، دموتھ کارونارتنے، سمارا وکراما، دوشان ہیمانتھا اور دوشمانتھا چمیرا شامل تھے۔

سری لنکا کے 55 رنز کسی بھی ٹیم کا اس ورلڈ کپ ایڈیشن میں ایک مکمل اننگز میں سب سے کم ترین اسکور ہے، اس سے پہلے نیدرلینڈز کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف نئی دہلی میں 90 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

یہ سری لنکا کی حالیہ عرصے میں کسی بھی ون ڈے میچ میں بدترین کارکردگی ہے، اس سے قبل ایشیا کپ کے فائنل میں بھی سری لنکا کی ٹیم بھارتی بالز کے سامنے صرف 55 رنز بناسکی تھی۔

بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ پانچ وکٹیں محمد شامی نے حاصل کیں، اس کارکردگی کے بعد وہ ورلڈ کپ مقابلوں میں بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر بھی بن گئے۔

محمد سراج تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ جسپریت بمراہ اور رویندر جڈیجا نے ایک ایک کھلاڑی کو واپس پویلین بھیجا، محمد شامی کو ان کی شاندار بالنگ کی وجہ سے پلئیر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل کی صورتِ حال

اس فتح کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم نے لاسٹ فور میں جگہ بنالی جب کہ ابھی اس کے دو میچ باقی ہیں، سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ سے مکمل باہر تو نہیں ہوئی لیکن اس کے کوالی فائی کرنے کے امکانات کم ہیں۔

اگر انجریز کا شکار سری لنکن ٹیم نے اپنے باقی دونوں میچ بھی جیت لیے تو اس کی پوائنٹس کی تعداد آٹھ ہو جائے گی لیکن اس کا نیٹ رن ریٹ اسے لاسٹ فور میں پہنچانے کے لیے کافی نہیں ہوں گا۔

جمعے کو ایونٹ میں افغانستان اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ میں فتح افغانستان کو پانچویں پوزیشن پرپہنچا دے گی جب کہ آٹھویں نمبر پر موجود ڈچ ٹیم کو کامیابی کی صورت میں دو قیمتی پوائنٹس مل جائیں گے۔

فی الحال بھارت 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے جب کہ جنوبی افریقہ 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے آٹھ آٹھ پوائنٹس ہیں لیکن آسٹریلیا نے کیویز کے مقابلے میں ایک میچ کم کھیلا ہے۔

پاکستان ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے ، پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ہفتے کو نیوزی لینڈ کو بڑے مارجن سے زیر کرنا ہوگا، تاکہ ان کا رن ریٹ بہتر ہوسکے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG