رسائی کے لنکس

نماز سے سکون ملتا ہے، 2019 سے اسلام پر عمل کر رہا ہوں: بھارتی اداکار ویوین دسینا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کے معروف ٹی وی اداکار ویون ڈسینا نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ وہ 2019سے اسلام کی پیروی کر رہے ہیں اور انہیں پانچ وقت کی نماز پڑھ کر سکون ملتا ہے۔

اداکار ویون ڈسینا نے بھارتی اخبار 'بومبے ٹائمز' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ مسیحی خاندان میں پیدا ہوئے تھے لیکن اب وہ مذہب اسلام کے پیرو کار ہیں۔

ویون ڈسینا کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے 2019 سے رمضان کے مہینے سے اسلام پر عمل کرنا شروع کیا تھا۔ انہیں پانچ وقت کی نماز پڑھ کر بے حد سکون ملتا ہے۔

بھارتی ڈرامے 'پیار کی یہ ایک کہانی' سے شہرت پانے والے اداکار نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ایک سال قبل سابق مصری صحافی نوران علی سے شادی کی تھی جب کہ ان کی چار ماہ کی ایک بیٹی بھی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنی ذاتی اور پروفیشنل زندگی کو الگ رکھتے ہیں اور وہ اپنے خاندان کو لائم لائٹ میں نہیں لانا چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے حوالے سے بے حد حساس ہیں۔

ویون ڈسینا کون ہیں؟

ویوین ڈسینا بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے معروف اداکار ہیں جنہیں 2011 میں ڈرامہ سیریل 'پیار کی یہ ایک کہانی' سے خاصی شہرت ملی تھی۔

ان کی والدہ ہندو جب کہ والد مسیحی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے 2013 میں اپنی کو اسٹار وہبیز دورابجی سے شادی کی تھی البتہ ان کے درمیان 2021 میں علیحدگی ہو گئی تھی۔

اداکار مدھوبالا اور شکتی جیسے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جب کہ وہ بھارت کے معروف ریئلٹی شو ’فیئر فیکٹر: خطروں کے کھلاڑی‘ اور ڈانس شو ’جھلک دکھلا جا‘ میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG