رسائی کے لنکس

سفیر کے قتل کی سازش پر ایران کی سرزنش ضروری ہے، بائیڈن


سفیر کے قتل کی سازش پر ایران کی سرزنش ضروری ہے، بائیڈن
سفیر کے قتل کی سازش پر ایران کی سرزنش ضروری ہے، بائیڈن

منگل کو امریکی محکمہ انصاف نے سعودی سفیر کو بم حملے کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کی سازش کے الزام میں ایک ایرانی نژاد امریکی شہری منصور ارباب سیار اور ایران کی القدس فورس کے ایک رکن غلام شو ری پر فردِ جرم عائد کردی تھی

امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ میں تعینات سعودی سفیر کے قتل کی مبینہ طور پر ایران کی حمایت سے تیارکی جانے والی سازش ایک مکروہ فعل ہے جس پر ایران کی سرزنش کی جانی چاہیئے۔

بدھ کو امریکی ٹی وی نیٹ ورک 'اے بی سی' سے گفتگو میں نائب صدربائیڈن کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کے لیے سعودی سفیر عدیل الجبیر کے قتل کی سازش کے ردِعمل میں امریکہ کو "تمام آپشن زیرِ غور" رکھنے چاہئیں۔

واضح رہے کہ منگل کو امریکی محکمہ انصاف نے سعودی سفیر کو بم حملے کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کی سازش کے الزام میں ایک ایرانی نژاد امریکی شہری منصور ارباب سیار اور ایران کی القدس فورس کے ایک رکن غلام شکوری پر فردِ جرم عائد کردی تھی۔

سازش کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر کا کہنا تھا کہ مذکورہ سازش ایران کے "حکم اور تعاون سے تیار" کی گئی تھی۔ ایران نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

دونوں ایرانی شہریوں کے خلاف الزامات عائد کیے جانے کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دنیا بھر میں موجود امریکی شہریوں کو ممکنہ "امریکہ مخالف سرگرمیوں" سے خبردار رہنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔

محکمہ خارجہ کے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ سفیر کے قتل کی مبینہ سازش سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایرانی حکومت دہشت گرد سرگرمیوں کے حوالے سے "مزید جارحانہ سوچ" اپنا سکتی ہے۔

دریں اثنا امریکہ کے صدر براک اوباما نے سعودی سفیر الجبیر کو فون کرکے ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ سعودی سفیر سے گفتگو میں صدر اوباما نے مذکورہ سازش کو امریکی اور عالمی قانون کی "کھلی خلاف ورزی" قرار دیا۔

حکام کے مطابق ارباب سیار نے نادانستہ طور پر یو ایس ڈرگ انفورسمینٹ ایڈمنسٹریشن کے ایک ایجنٹ کو بھرتی کیا تاکہ اس منصوبے پر عمل کیا جاسکے۔ ارباب سیار کے خیال میں ایجنٹ کا تعلق میکسیکو کی ڈرگ مافیا سے تھا اور وہ سعودی سفیر کو قتل کرسکتا تھا۔

حکام کے مطابق ارباب سیار نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے ایجنٹ کو ایک لاکھ ڈالر ایڈوانس دیا تھا اور کام ہونے پر مکمل رقم ڈیڑھ ملین ڈالر کی ادائیگی کی جانی تھی۔

امریکی حکام نے سیار کو 29 ستمبر کو نیو یارک کے جان ایف کینیڈی ایرپورٹ سے حراست میں لیا تھا جبکہ شریک ملزم شکوری مفرور ہے۔

XS
SM
MD
LG