ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے ایک ویڈیو ٹیلی کاسٹ کی ہے جس میں خلیج فارس میں ایرانی بحریہ کو مشقیں کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
دس روزہ فوجی مشقوں کا آغاز ہفتے کے روز ہوا تھا۔ یہ مشقیں خلیج کے اس تنگ حصے میں ہورہی ہیں جو ان مال بردار بحری جہازوں کاراستہ ہے جو دنیا کو ایک تہائی تیل فراہم کرتے ہیں۔
ایران کی فوجی مشقیں ایک ایسے وقت پر ہورہی ہیں جب اس پر اپنے متنازع جوہری پروگرام کے باعث عالمی دباؤ مسلسل بڑھ رہاہے۔
منگل کے روز ایران کے میڈیا نے یہ خبر دی کہ بحریہ نے دشمن کو ایران کی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں۔