اطالوی پارلیمنٹ کے ایوان بالا نے ملک کو مالی بحران سے نکالنے میں مدد کے لیے کفایت شعاری اختیار کرنے اور کئی دوسری اصلاحات کی منظوری دے دی ہے ۔
اگر اتوار کو ایوان زیریں نے سینیٹ کی منظور کردہ اصلاحات کے حق میں ووٹ دے دیا تو وزیر اعظم سیلویو برلسکونی کہہ چکے ہیں وہ مستعفی ہوجائیں گے ۔
ان اصلاحات کا مقصد 2.6 کھرب ڈالر کے سرکاری قرضوں پر کنٹرول اور معیشت کا فروغ ہے۔یورپی یونین کے راہنماؤں اور سر مایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ اگر صورت حال میں بہتری نہ آئی تو یورو زون کی تیسری سب سے بڑی معیشت کے لیے بھی بین الاقوامی ضمانت د ر کار ہو گی جو یونان ، آئرلینڈ اور پرتگال کو فراہم کردہ ضمانتوں سے کہیں زیادہ مہنگی ہو گی۔
یونان میں لوکس پاپادیموس جمعے کو اتحادی حکومت کے سر براہ کے طور پر عبوری وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا رہے ہیں۔ توقع ہے کہ اتحادی حکومت ملک کو شدید مالی بحران سے نکالنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔