رسائی کے لنکس

پاکستان تیسرا ٹیسٹ بھی ہار گیا، جنوبی افریقہ کلین سوئپ کرنے میں کامیاب


سرفراز تین ٹیسٹ میچوں کی چھ اننگز میں تین مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے سینچورین ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہو کر ’پیئر‘  حاصل کیا تھا، اسی ٹیسٹ میں پروٹیز کپتان ڈوپلیسی نے بھی ’پیئر‘ حاصل کیا تھا۔

جنوبی افریقہ نے جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستان کو 107رنز سے ہراکر سیریز میں تین۔صفر سے کلین سوئپ کردیا،381رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 273 رنز ہی بناسکی۔

ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے 223 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کو آگے بڑھایا اور 153رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اسد شفیق 48 اور بابراعظم 17 رنز کے ساتھ میدان میں اُترے۔

ابھی اسکور میں صرف 9 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ اولیویئر کے ایک ڈرامائی اوور میں پہلے بابر اعظم 21 رنز بناکر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور پھر اگلی ہی گیند پر کپتان سرفراز کلین بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

سرفراز تین ٹیسٹ میچوں کی چھ اننگز میں تین مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے سینچورین ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہو کر ’پیئر‘ حاصل کیا تھا، اسی ٹیسٹ میں پروٹیز کپتان ڈوپلیسی نے بھی ’پیئر‘ حاصل کیا تھا۔

پاکستان ٹیم کے آخری مستند بیٹسمین اسد شفیق بھی 65 رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار گئے اور 179 رنز کے مجموعی اسکور پر فلینڈر کو وکٹ دے بیٹھے جس کے بعد پاکستان کی رہی سہی امید بھی دم توڑ گئی۔

فہیم اشرف کو 15 رنز پر ربادا نے آؤٹ کیا اور پھر اگلے ہی اوور میں محمد عامر کو بھی ربادا نے 4 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

حسن علی نے برق رفتار 22 رنز بنائے، اُنہیں بھی ربادا نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر آؤٹ کیا۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری بیٹسمین محمد عباس تھے جو 9 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، یوں پاکستان کی پوری ٹیم 273 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور جنوبی افریقہ نے سیریز تین۔صفر سے اپنے نام کرلی۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے اولیویئر اور ربادا نے تین، تین جبکہ اسٹین نے دو اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آخری اسکور یہ رہا۔ جنوبی افریقا 262 اور 303 رنز۔ پاکستان 185 اور 273 رنز۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پورٹ الزبتھ میں 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG