رسائی کے لنکس

سمجھوتہ ایکسپریس منسوخ، فضائی حدود بدستور بند


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان ذرائع آمد و رفت بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

جمعرات کو لاہور سے نئی دہلی جانے والی سمجھوتہ ایکسپریس بھارت روانہ نہ ہو سکی۔ لیکن دوستی بس سروس واہگہ کے راستے بھارت روانہ ہو گئی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے سے پاکستان میں فضائی آپریشن گزشتہ روز سے معطل ہے۔

پاکستان ریلوے کے لاہور میں تعینات ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ عامر نثار کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس کو معمول کے مطابق صبح آٹھ بجے بھارت کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن کشیدہ صورتِ حال کے باعث ریل گاڑی کو روک لیا گیا ہے۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اعلٰی حکام نے ہدایت دی تھی کہ سمجھوتہ ایکسپریس بھارت روانہ نہیں ہو گی جس کے بعد ریلوے انتظامیہ ٹرین کے ذریعے بھارت جانے والے مسافروں کو پیسے واپس کر رہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سمجھوتہ ایکسپریس پر عام طور پر 50 سے 70 مسافر سفر کرتے ہیں لیکن جمعرات کی ٹرین پر 16 مسافروں کی بکنگ تھی۔

ٹرین کے ذریعے بھارت جانے والے مسافروں نے ٹرین کی مسوخی پر پریشانی کا اظہار کیا ہے۔

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا سے آنے والے بھارتی شہری محمد یونس نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث عوام متاثر ہو رہے ہیں۔

بھارت کی ایک اور رہائشی خاتوں امبرین بانو کا کہنا تھا کہ پاکستان آتے وقت اُنہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اتنا بگڑ جائیں گے۔

بھارت جانے والے کچھ مسافروں کے ویزے کی میعاد بھی ختم ہو رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایسے مسافروں کو سمجھوتہ ایکسپریس کی معطلی کے بعد واہگہ کے راستے پیدل بھارت روانہ کرنے کا امکان ہے۔

جمعرات کو سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے بھارت جانے والے ایک خاندان کے افراد لاہور کے ریلوے اسٹیشن پر پریشان بیٹھے ہیں۔
جمعرات کو سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے بھارت جانے والے ایک خاندان کے افراد لاہور کے ریلوے اسٹیشن پر پریشان بیٹھے ہیں۔

سمجھوتہ ایکسپریس کے برعکس لاہور سے بھارت جانے والی دوستی بس سروس جمعرات کو معمول کے مطابق روانہ ہوئی۔ واہگہ کے راستے دہلی جانے والی بس میں صرف تین مسافر بھارت گئے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث بدھ کو لاہور سے نئی دہلی جانے والی پرواز بھی اُڑان نہیں بھر سکی تھی۔

پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت رواں ماہ کے وسط سے بند ہے۔

فضائی آپریشن تاحال معطل

کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے جمعرات کو دوسرے روز بھی بند ہیں۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق فضائی آپریشنز کی معطلی کے باعث دو روز کے دوران پاکستان آنے اور یہاں سے روانہ ہونے والے لگ بھگ 500 ملکی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ یا متاثر ہوچکی ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث ملک بھر کے اسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ ہے اور پولیس، انتظامیہ، محکمۂ صحت اور ریسکیو اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

صوبائی حکومتوں نے اسپتالوں میں دواؤں اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

XS
SM
MD
LG