بالی وڈ ایکٹر سنجے دت نے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہونے کے باوجود ایک ویڈیو کے ذریعے فلموں میں اپنی واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔
ویڈیو میں سنجے نے پہلی مرتبہ تصدیق کی ہے کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔ لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ وہ اپنی نئی فلم 'کے جی ایف چیپڑ 2' کی شوٹنگ کے لیے تیار ہیں۔
سنجے دت نے اگست میں خرابیٔ صحت سے وجہ سے کام سے رخصت لینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وہ علاج کی غرض سے بیرونِ ملک چلے گئے تھے۔ تاہم اب انہوں نے اپنی واپسی کی اطلاع دی ہے۔
سنجے دت حال ہی میں اپنے بال کٹوانے کے لیے ایک سیلون میں گئے تھے۔ یہ سیلون مشہور ہیر اسٹائلسٹ علیم حکیم کا ہے جنہوں نے سنجے دت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی ہے۔
ویڈیو میں سنجے دت کہہ رہے ہیں کہ ہائے، میں سنجے دت ہوں۔ سیلون میں واپس آنا اچھا لگ رہا ہے اور میں نے بال کٹوا لیے ہیں۔
انہوں نے اپنے کینسر سے متعلق کہا کہ یہ میری زندگی پر ایک نیا داغ ہے لیکن میں اسے شکست دوں گا۔ میں جلد ہی اس مرض کے شکنجے سے آزاد ہو جاؤں گا۔
ویڈیو میں انہوں نے رنبیر کپور اور وانی کپور کے ساتھ اپنی فلم 'شمشیرہ' کے لیے ڈبنگ شروع کرنے کی بھی اطلاع دی ہے۔
سنجے دت کا کہنا تھا کہ کل سے میں فلم شمشیرہ کے لیے ڈبنگ کروں گا، مزہ آئے گا۔ کام پر واپس آنا اچھا لگ رہا ہے۔
سنجے دت نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی کچھ تصاویر بھی پوسٹ کی ہیں جس کے ساتھ یہ بھی تحریر کیا ہے کہ وہ فلم 'ادھیرا' اور 'کے جی ایف چیپٹر 2' کی شوٹنگ کے لیے تیار ہیں۔
'کے جی ایف چیپٹر 2' یش راج فلمز کی 2018 میں 'کے جی ایف' کے نام سے ریلیز ہونے والی فلم کا سیکوئل ہے۔