امریکہ میں ہونے والے ایک نئے سیاسی جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئیووا میں، ڈیموکریٹک سوشلسٹ، برنی سینڈرز سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سے آگے ہیں، جس دیہات پر مشتمل ریاست میں فروری میں ووٹر 2016ء کے پارٹی کے صدارتی امیدوار کے چناؤ کا آغاز ہوگا۔
’کوئنپک یونیورسٹی‘ کی عام جائزہ رپورٹ سے عندیہ ملتا ہے کہ ہیلری کلنٹن کے 40 فی صد کے مقابلے میں سینڈرز کو ریاست کے ڈیموکریٹ ووٹرز کے 41 فی صد کی حمایت حاصل ہے، جو کہ دو ماہ قبل کے مقابلے میں ایک واضح تبدیلی ہے، جب ہیلری کو آئیووا میں 19 فی صد کی برتری تھی۔
نائب صدر جو بائیڈن جو امیدوار نہیں ہیں، لیکن ہوسکتا ہے کہ کسی وقت بھی صدارتی دوڑ میں شامل ہوجائیں، اُنھیں 12 فی صد کی حمایت حاصل ہے۔
سینڈرز ورمونٹ کی شمال مشرقی ریاست سے تعلق رکھنے والے ایک سینیٹر ہیں، جن کی ملک بھر میں نکلنے والی ریلیوں میں اُن کے لبرل حامی کافی تعداد میں شریک ہوتے رہے ہیں۔ اُن کا شہرہ ’وال اسٹریٹ‘ اور اہم کارپوریشنوں کی جانب سے امریکی معاملات پر اثر و رسوخ کے اثرات پر شکایات پر مبنی ہے۔
امکانی ووٹروں کے جائزے سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ سینڈرز کو نیوہیپشائر میں ہیلری کلنٹن سے سبقت حاصل ہے۔ یہ ریاست صدارتی امیدواروں کے چناؤ کے سلسلے میں ابتدائی انتخابات کی حیثیت رکھتی ہے۔ تاہم، زیادہ تر رائے عامہ کے جائزے ظاہر کرتے ہیں کہ ہیلری ملکی سطح پر ڈیموکریٹک دوڑ میں آگے ہیں۔
سرکاری کی جگہ نجی اِی میل سرور کے استعمال کے بارے میں ناکافی وضاحتوں کے باعث ہیلری کلنٹن کی مقبولیت میں کافی فرق پڑا ہے، جب وہ چار برس تک ملک کی اعلیٰ سفارت کار کے عہدے پر فائز رہیں۔ اس ہفتے اُن کا کہنا تھا کہ اُنھیں اس بات پر افسوس ہے کہ اُنھوں نے اپنی سرکاری اور نجی اِی میلز کو علیحدہ علیحدہ نہیں رکھا۔
ادھر ریپبلیکن صدارتی نامزدگی کی دوڑ کے بارے میں، سی این این/او آر سی کے عام جائزہ رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ ریئل اسٹیٹ کے ارب پتی، ڈونالڈ ٹرمپ کو پارٹی کے میدان میں 17 امیدواروں کے مقابلے میں سبقت حاصل ہے۔
سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ 69 برس کے ٹرمپ کو ریپبلیکن ووٹروں کی 32 فی صد حمایت حاصل ہے، جو کہ گذشتہ کئی ماہ کے دوران کی جائزہ رپورٹوں کے حوالے سے سب سے بڑا عدد ہے۔
اُن کے بعد، سیاست کے شعبے میں نووارد سابقہ نیوروسرجن بن کارسن کو 19 فی صد کی حمایت حاصل ہے، جب کہ دو سابقہ صدور کے بیٹے اور بھائی، اور فلوریڈا کے سابق گورنر جیب بش کو 9 فی صد پارٹی ووٹروں کی حمایت حاصل ہے۔