رسائی کے لنکس

خواتین کا عالمی دن، گوگل کا منفرد ڈوڈل


'یوم خواتین 2014 ' گوگل کے ویب پیچ پر گرافک ڈیزائن شائع ہوئی ہے، جسے ’ڈوڈل‘ کا نام دیا گیا ہے، جس سے مراد خاکہ ہے، جسے دنیا میں ہر جگہ دیکھا جاسکتا ہے

انٹرنیٹ جائنٹ سرچ انجن کے ویب صفحے پر نظر آنے والے گرافک ڈیزائن جنھیں 'ڈوڈل' کہا جاتا ہے، صارفین کے لیے بڑی دلچسپی کا باعث ہوتے ہیں۔ گوگل کے ان ڈوڈلز میں چھپے راز صارفین کے لیے ماؤس کے ایک اشارے کے منتظر ہوتے ہیں۔ گوگل پر ہر خاص دن ایسے ہی تخلیقی ڈوڈلز کے ساتھ منایا جاتا ہے، اورحسب روایت، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بھی گوگل نے ایک منفرد ڈوڈل تشکیل دیا ہے۔
'یوم خواتین 2014 ' گوگل کے ویب صفحے پر ظاہر ہونے والے ڈوڈل کا تازہ ترین موضوع ہے۔اس ویڈیو پر مشتمل ڈوڈل کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر گوگل کے ہوم پیج پر دنیا بھر میں دیکھا جا سکتا ہے،جو سات مارچ سے نو مارچ تک دکھائی دے گا۔
اس بار، اینیمیٹڈ ڈیزائن میں گوگل لوگو (علامتی نشان) کے ساتھ ایک ویڈیو بھی پیش کی گئی ہے۔ اس ویڈیو کا پلے بٹن لوگو کے دوسرے'o' پر موجود ہے، جسے وینس کے سمبل میں تبدیل کیا گیا ہے۔ ڈوڈل میں وینس کا علامتی نشان خواتین کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ گوگل کا لوگو وینس کے 26 رنگ برنگے سمبلز سے گھرا ہوا ہے۔
گوگل کے اس برس کے ڈوڈل کی سب سے خاص بات یوٹیوب کی ویڈیو ہے۔ اس 80 سکینڈ کی ویڈیو میں دنیا کے کونے کونے سےتعلق رکھنے والی 100خواتین کو دکھایا گیا ہے جو اپنی مقامی زبانوں میں خواتین کے عالمی دن کی مبارکباد پیش کرتی ہیں۔

گوگل نے اس ویڈیو میں دنیا بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی عکاسی کی ہے ۔ اس مختصر ویڈیو کلپ میں جن نمایاں شخصیات کودکھایا گیا ہے ان میں لڑکیوں کی تعلیمی مہم کی کارکن اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ملالہ یوسفزئی بھی نظر آتی ہیں، جو پشتو زبان میں خواتین کے عالمی دن کی مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ ان کے علاوہ اس ویڈیو میں لیجنڈری انڈین گلوکارہ آشا بھونسلے بھی شامل ہیں۔
ڈوڈل ویڈیو کے پس منظر میں بیلجئیم کے مشہور گلوکار میری ڈیولنا جنھیں 'جیپ ماما' کے نام سے جانا جاتا ہے، ان کا سنگل سنائی دیتا ہے۔
دنیا بھر میں آٹھ مارچ کو خواتین کے نام سے منسوب کیا جاتا ہے اور ہر سال اس موقع پر دنیا بھر میں خواتین کی عزت و احترام، ان کی شراکت داری اور کامیابیوں کے لیے انھیں خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ تاریخی حوالے سے، اگر دیکھا جائے تو اس دن کی تقریبات مختلف تاریخوں میں منعقد کی جاتی رہی ہیں۔ لیکن، پہلی بار اسے 3 مئی 1908 ءمیں شکاگو میں منایا گیا تھا، البتہ، 1977 ءمیں اقوام متحدہ نے رکن ممالک کو دعوت دی تھی کہ 8 مارچ کو خواتین کے حقوق اور ان کے عالمی دن کے طور پر منایا جائے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے ہر سال اس دن کے حوالے سے خاص موضوع منتخب کیا جاتا ہے سال 2014 کو اقوام متحدہ نے 'عورتوں کے لیے مساوات' کے پیغام کے ساتھ منسوب کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG