افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج نے کہا ہے کہ ملک کے جنوبی اور مشرقی حصے میں گذشتہ دو روز کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں 40 سے زائد شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
نیٹو کی طرف سے جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ 30 سے زائد عسکریت پسند جنوب مغربی صوبے ہلمند میں جاری لڑائی میں مارے گئے ہیں۔ ضلع رگِ خان نیشن میں کیے جانے والے آپریشن کا مقصد شدت پسندوں کی جانب سے منشیات اور ہتھیاروں کی نقل و حمل روکنا ہے۔
بیان کے مطابق کارروائی کے دوران کسی شہری کی ہلاکت یا املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
مزید براں بدھ کو مشرقی صوبے کُنڑ میں ایک فوجی چوکی کے قریب 10 سے زائد مسلح شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ موسم سرما کے اختتام پر افغانستان میں طالبان شدت پسندوں کی نیٹو اور افغان سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔