عرب لیگ نے کہا ہے کہ وہ شام میں تشدد کےواقعات میں اضافے کے بعد وہاں اپنا مبصر مشن معطل کر رہا ہے۔
لیکن، ہفتے کے روز لیگ کے عہدے داروں نے کہا کہ لیگ کے معائنہ کار اگلے کسی حکم تک شام میں موجود رہیں گے۔
عرب لیگ کا نگران مشن گذشتہ ایک ماہ سے شام میں مقیم ہے، تاکہ وہ یہ جائزہ لے سکے کہ شام کے عہدے دار حکومت مخالفین کے خلاف پرتشدد کارروائیاں روکنے کے سلسلے میں عرب لیگ کے منصوبے پر کس حد تک عمل پیرا ہیں ۔
عرب لیگ نے حال ہی میں ایک اور منصوبہ پیش کیا ہے جس میں بشا ر الاسد سے اقتدار کسی نائب کو سونپنے اور انتخابات کی تیاری کے لیے کسی متحدہ قومی حکومت کی تشکیل دینے کے لیے کہا گیا ہے ۔
حالیہ دنوں میں شام میں 70 سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ سر گرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی فورسز نے جمعے کے روز حملوں میں 37 سے زیادہ لوگ ہلاک کر دیے۔