اسپین کے 19 سالہ کارلوس ایلکریز یو ایس اوپن کے فاتح، عالمی نمبر ایک بھی بن گئے

ٹینس کی تاریخ میں آج تک کوئی بھی کھلاڑی 20ویں سال گرہ سے قبل اس مقام پر نہیں پہنچ سکا تھا۔

ٹینس کی دنیا کو اسپین کے کھلاڑی کارلوس ایلکریز کی صورت میں نیا عالمی نمبر ایک مل گیا ہے۔ 19 برس کے اس کھلاڑی نے اتوار کو یو ایس اوپن کا فائنل جیت کر نہ صرف پہلا گرینڈ سلیم اپنے نام کیا بلکہ ٹینس کی ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کر لی ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں نہ تو پانچ مرتبہ کےفاتح راجر فیڈرر شریک تھے اور نہ ہی تین بار کے ٹائٹل جیتنے والے نواک جوکووچ جب کہ 22 گرینڈ سلیم جیتنے والے رافیل نڈال کا سفر بھی پری کوارٹر فائنل میں ہی ختم ہو گیا تھا۔ ایسے میں ایک نوجوان کھلاڑی کی کامیابی کو مبصرین نئے دور کے آغاز کی جانب اشارہ بھی قرار دے رہے ہیں۔

صرف 19 سال ، چار ماہ اور چھ دن کی عمر میں عالمی نمبر ایک بن کر کارلوس ایلکریز نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ ٹینس کی تاریخ میں آج تک کوئی بھی کھلاڑی 20ویں سال گرہ سے قبل اس مقام پر نہیں پہنچ سکا تھا۔

قبل ازیں کم عمر میں ٹینس کی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ کے پاس تھا، جنہوں نے 2001 میں 20 سال ، آٹھ ماہ اور 26 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

کارلوس ایلکریز سے قبل اسپین کے تین کھلاڑی عالمی نمبر ون رہ چکے ہیں، جن میں سے ایک ان کے کوچ یان کارلوس فیریرو، دوسرے کارلوس مویا اور تیسرے رافیل نڈال شامل ہیں۔

وہ اوپن ایرا میں ہم وطن مینیول اورنٹیز اور رافیل نڈال کے بعد یو ایس اوپن ٹائٹل جیتنے والے اسپین کے تیسرے کھلاڑی ہیں۔

سب سے کم عمر میں گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ آج بھی امریکہ کے مائیکل چینگ کے پاس ہے، جنہوں نے 1989 میں 17 سال کی عمر میں فرنچ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

کارلوس ایلکریز 2005 میں رافیل نڈال کے فرنچ اوپن جیتنے کے بعد سب سے کم عمر میں گرینڈ سلیم ونر بھی بن گئے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ 1990 کے بعد وہ 19 سال کی عمر میں ایسا کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔

رافیل نڈال نے اپنی 19ویں سالگرہ کے تین دن بعد فرنچ اوپن جیتا تھا جب کہ 32 سال قبل جب پیٹ سمپراس یو ایس اوپن چیمپئن بنے تو ان کی عمر 19 سال اور 29 دن تھی۔

یو ایس اوپن کے اتوار کو کھیلے گئے فائنل میں کارلوس ایلکریز نے چار سیٹ میں کیسپر رڈ کو شکست دے کر پہلا گرینڈ سلیم اپنے نام کیا۔

نیو یارک کے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹائٹل میچ میں ان کا مقابلہ تھا ناروے کے 23 سالہ کیسپر رُڈ سے، جو رواں برس فرینچ اوپن کا فائنل بھی کھیل چکے تھے۔

ایلکریز نے البتہ میچ کے دوران کہیں بھی ایسا محسوس ہونے نہیں دیا کہ وہ اپنے کیرئیر کا پہلا گرینڈ سلیم فائنل کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے پہلے ہی گیم سے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی تھی اور آغاز میں ہی پہلا بریک حاصل کرکے سیٹ پر اپنی برتری قائم رکھی۔

پہلا سیٹ 6-4 سے جیتنے کے بعد کیسپر رُڈ نے دوسرا سیٹ 2-6 سے اپنے نام تو کیا لیکن تیسرے اور چوتھے سیٹ میں کارلوس ایلکریز کی مہارت کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔

ایلکریز نے کورٹ کے چاروں جانب اسٹروکس کھیلے۔ جب جب انہوں نے ڈراپ شاٹ مارا، شائقین نے دل کھول کر انہیں داد دی۔

ا ن کی جیت کا اسکور 4-6، 2-6 ،6-7 اور 3-6 رہا۔

اس فتح کے ساتھ ہی یو ایس اوپن میں نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، گزشتہ تین برس میں ایونٹ جیتنے والے تینوں کھلاڑی الگ الگ ممالک سے رہے ہیں اور تینوں ہی کی یہ پہلی گرینڈ سلیم کامیابی تھی۔

ہفتے کو خواتین ٹینس مقابلوں کے سنگلز ایونٹ کا فائنل عالمی نمبر ایک ایگا شیاں ٹیک نے باآسانی جیت لیا۔

ٹائٹل میچ میں پولش ٹینس اسٹار نے تیونس کی اونس جابور کو 2-6 اور 6-7 کے اسکور سے شکست دے کر اپنا پہلا یو ایس اوپن اور مجموعی طور پر تیسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کیا۔

ایلکریز کی شاندار کامیابی پر رافیل نڈال نے بھی انہیں مبارک باد دی۔

کارلوس ایلکریز کو تاریخ رقم کرتا دیکھنے کے لیے ہالی وڈ اداکارہ این ہیتھوے، کامیڈین جیری سائین فیلڈ اور گلوکار جون بون جووی سمیت کئی سلیبریٹیز بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

انہیں نیا عالمی نمبر ایک بننے پر ماضی اور حال کے ٹینس کھلاڑیوں سمیت سوشل میڈیا صارفین نے مبارک باد بھی دی ۔

سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کرنے والے رافیل نڈال نے اس شاندار کامیابی پر ہم وطن کارلوس ایلکریز کو خوب سراہا۔

ٹینس لیجنڈ روڈ لیور بھی کارلوس ایلکریز اورکیسپر رُڈ دونوں کو شاندار فائنل کھیلنے پر شاباش کہے بغیر نہ رہ سکے۔

ان کی ساتھی یو ایس اوپن کی فاتح ایگا شیاں ٹیک نے بھی انہیں سوشل میڈیا پر مبارک باد دی۔

ایلکریز کے اسپانسر نائیکی نے ان کی کامیابی پر سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ٹاپ پوزیشن عمر نہیں، حوصلہ اور ہمت دیکھتی ہے۔

اس موقع پر ایک صارف نے رافیل نڈال اور کارلوس ایلکریز کی یہ ایک یادگار تصویر بھی شئیر کی جس میں ایکلریز بحیثیت ایک مداح ان کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔

امریکی ٹینس لیجنڈ بلی جین کنگ بھی سوشل میڈیا پر گزشتہ سال کی ایک تصویر شئیرکیے بغیر نہ رہ سکیں جس میں وہ اور کارلوس ایلکریز ساتھ کھڑے ہیں۔