رسائی کے لنکس

فیفا ورلڈ کپ: چار مرتبہ کا عالمی چیمپئن جرمنی ایونٹ سے باہر


 جرمنی کی ٹیم کو میچ بڑے مارجن سے جیتنا تھا تاکہ اپنی گول اوسط بہتر کرسکے لیکن کوسٹاریکا کے ان کے خلاف دو گول کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا۔
جرمنی کی ٹیم کو میچ بڑے مارجن سے جیتنا تھا تاکہ اپنی گول اوسط بہتر کرسکے لیکن کوسٹاریکا کے ان کے خلاف دو گول کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا۔

فٹ بال ورلڈ کپ کا پہلا راؤنڈ اپنے اختتام کی طرف بڑھتا جارہا ہے۔ آٹھ میں سے چھ گروپس کی ٹاپ دو ٹیموں کے نام سامنے آگئے ہیں لیکن ان میں چار مرتبہ کے سابق عالمی چیمپئن جرمنی اور عالمی نمبر تین بیلجئم کی ٹیمیں شامل نہیں۔

گروپ 'ای' کے آخری میچ میں جرمنی نے سخت مقابلے کے بعد کوسٹاریکا کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ لیکن گول اوسط کی بنیاد پر اس نے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کی جو اسے اگلے مرحلے میں پہنچانے کے لیے ناکافی تھی۔

دوسری جانب جاپان کی اسپین کے خلاف اپ سیٹ شکست نے ایشیائی ٹیم کو مجموعی طور پر چوتھی بار پری کوارٹرفائنل میں جگہ دلائی۔ جاپان نے اس میچ میں دو ایک سے کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پر موجود اسپین کو دوسرے نمبر پر دھکیل کر خود پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیموں میں جہاں گروپ 'ای' سے جاپان اور اسپین ہیں وہیں گروپ 'ایف' سے مراکش اور کروشیا کی پیش قدمی ہوئی ہے۔کینیڈا کا سفر پہلےہی راؤنڈ میں ختم ہو گیا تھا جب کہ بیلجئم کے کوالی فائی نہ کرنے سے شائقین مایوس نظر آئے۔یہ چھٹا موقع ہے کہ جب بیلجئم کی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل نہ کرسکی۔

مراکش کی ٹیم نے مجموعی طور پر دوسری اور 1986 کے بعد پہلی مرتبہ راؤنڈ آف سکسٹین میں جگہ بنائی جب کہ گزشتہ ورلڈ کپ کی رنرز اپ کروشیا نے مسلسل دوسری مرتبہ پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالی فائی کیا ہے۔

یہ لگاتار دوسرا موقع ہے جب جرمنی کی ٹیم ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ نہ بناسکی۔ سن 2014 کی چیمپئن ٹیم کا سفر 2018 میں بھی پہلے راؤنڈ ہی میں ختم ہوگیا تھا، جبکہ مجموعی طور پر وہ تیسری بار پہلے مرحلے سے آگے نہیں جاسکی۔

جاپان کا جرمنی کو آؤٹ کرنے میں اہم کردار

جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب جب جاپان اور اسپن کا میچ کھیلا جارہا تھا اسی وقت جرمنی کی ٹیم کوسٹاریکا کے مدمقابل تھی۔ جرمنی کی ٹیم کو میچ بڑے مارجن سے جیتنا تھا تاکہ اپنی گول اوسط بہتر کرسکے لیکن کوسٹاریکا کے ان کے خلاف دو گول کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا۔

جاپان نے اسپین کے خلاف میچ میں کم بیک کرتے ہوئے دوسرے ہاف میں دو گول اسکور کرکے وہ برتری حاصل کی جو آخر تک قائم رہی۔ اس فتح نے جاپان کو ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچا تو دیا ساتھ ہی جرمنی کی دوسرے راؤنڈ میں انٹری کے خواب بھی توڑ دیے۔

اسپین کی جانب سے میچ کا پہلا گول الوارو موراٹا نے دسویں منٹ میں اسکور کیا جس کے جواب میں رٹسو دوان نے 48ویں اور آؤ تناکا نے 51ویں منٹ میں گول کرکے جاپان کو پری کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔

جرمنی میں نابری کے دسویں منٹ کے گول نے چا ربار کی سابق چیمپئن ٹیم کو برتری تو دلائی۔ لیکن ٹیجیڈا کے 58ویں منٹ میں گول نے میچ برابرکردیا۔

جرمنی کے تجربہ کار گول کیپر مینیول نیور کی ناقص کارکردگی کے باعث کوسٹاریکا نے 70ویں منٹ میں برتری حاصل کرلی جسے آخری پانچ منٹ میں ہاوریٹز اور فل کروگ کے گول نے ختم تو کیا لیکن ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں جگہ نہ دلاسکے۔

مراکش اور کروشیا پری کوارٹر فائنل میں

جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں مراکش کی ٹیم نے کینیڈا کو ایک صفر سے ہرا کر اپنی کامیابیوں کے سلسلے کو جاری رکھا۔ ویسے تو یہ ایونٹ میں افریقی ٹیم کی دوسری فتح تھی لیکن گروپ ایف میں یہ کسی بھی ٹیم کی سب سے زیادہ فتح تھیں۔

کینیڈا کو چار ایک سے ہرانے والی کروشیا کی ٹیم اپنے گروپ میں ناقابل شکست رہنے کے سبب دوسرے نمبر پر رہی۔ اور اسی وجہ سے انہیں دوسرے مرحلے میں باآسانی جگہ مل گئی۔

بیلجئم نے ایونٹ کے پہلے میچ میں کینیڈا کو ایک صفر سے شکست تو دی لیکن اس کے بعد یہ مراکش سے دو صفر سے میچ ہاری۔ جب کہ کروشیا کے خلاف ڈرا میچ کھیل کر بیلجئم نے اپنی واپسی کا ٹکٹ خود کٹوایا۔

چھتیس سال بعد ورلڈ کپ کا مین راؤنڈ کھیلنے والی کینیڈین ٹیم تینوں میچوں میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ لیکن اگلی بار شریک میزبان ہونے کی وجہ سے ایونٹ کا حصہ ہوگی۔

گروپ اسٹیج کا آخری دن

فیفا ورلڈ کپ میں پہلے راؤنڈ کے میچوں کا آج آخری دن ہوگا۔ گروپ جی سے برازیل اور گروپ ایچ سے پرتگال پہلے ہی اگلے مرحلے میں جگہ بناچکے ہیں تاہم آج کے میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر کو ن نمبر ون ہوتا ہے؟ اس کا فیصلہ ہوجائے گا۔

جمعے کی رات پاکستانی وقت کے مطابق آٹھ بجے گروپ ایچ کی دو ٹیمیں جنوبی کوریا اور پرتگال مدمقابل ہوں گی جب کہ اسی وقت گھانا اور پوراگوئے کی ٹیموں کا میچ بھی کھیلا جارہا ہوگا۔

چھ پوائنٹس کے ساتھ پرتگال کی دوسرے راؤنڈ تک رسائی کو کوئی خطرہ نہیں البتہ اگر تین پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود گھانا کی ٹیم نے یوراگوئے کو شکست دی یا اس کے خلاف میچ ڈرا کیا تو اسے پری کوارٹر فائنل کا ٹکٹ مل جائے گا۔

گھانا اور یوراگوئے کا میچ اس لیے اہم ہوگا کیوں کہ اس میچ کے ذریعے افریقی ٹیم سواریز سے اس ہینڈ بال کا بدلہ لینے کی کوشش کرے گی جس نے انہیں 2010 میں سیمی فائنل میں جانے سے روکا تھا۔

دو بار کی چیمپئن یوراگوئے اور سابق میزبان جنوبی کورا کو ٹورنامنٹ میں ان رہنے کے لیے اپنا آخری میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا تاکہ ان کے پوائنٹس گھانا سے زیادہ ہوں اور ان کی گول اوسط بھی بہتر ہوجائے۔

گروپ 'جی' کے دونوں میچ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ سربیا اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ہوگا جب کہ کیمرون اور برازیل دوسرے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے۔اس میچ میں برازیل کو نیمار کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو انجری کی وجہ سے آرام کررہے ہیں اور وہ اگلے مرحلے میں کم بیک کرسکتے ہیں۔

اس گروپ کی صورتِ حال کو دیکھا جائے تو دو دو میچوں کے بعد برازیل چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلی جب کہ سوئٹزلینڈ تین پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔ اگر سربیا نے سوئٹزلینڈ کو شکست دے دی تو اس کے چار پوائنٹس ہوجائیں گے جب کہ ڈرا کی صورت میں سربیا کا سفر ختم اور سوئٹزلینڈ کے چار پوائنٹس ہوجائیں گے۔

اسی گروپ میں کیمرون کی ٹیم بھی موجود ہے جس کا سربیا کی طرح ایک پوائنٹ ہے۔ اگر اس نے برازیل کو اپ سیٹ شکست دی تو اس کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے کا چانس ہوسکتا ہے لیکن ناکامی یا ڈرا کی صورت میں اس کا سفر یہیں ختم ہوجائے گا۔

برازیل اور سوئٹزرلینڈ دونوں ڈرا کی صورت میں بھی دوسرے مرحلے میں پہنچ جائیں گے۔اس وقت جو پری کوارٹر فائنل کی صورتِ حال بن رہی ہے اس میں پہلا پری کوارٹر تین دسمبر کو رات آٹھ بجے نیدرلینڈز اور امریکہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جب کہ دوسرے پری کوارٹر فائنل میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب رات 12 بجے ارجنٹائن اور آسٹریلیا .کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

اتوار ہی کو رات آٹھ بجے دفاعی چیمپئن فرانس اور پولینڈ کی ٹیمیں اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے تیسرے پری کوارٹر فائنل میں میدان میں اتریں گی جب کہ سینیگال اور انگلینڈ کی ٹیمیں اتوار اور پیر کی دمیانی شب رات 12 بجے چوتھے پری کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ایونٹ کا پانچواں پری کوارٹر فائنل پیر کو آٹھ بجے جاپان اور کروشیا کے درمیان ہوگا جب کہ منگل کو آٹھ بجے ساتویں پری کوارٹر فائنل میں مراکش کا مقابلہ سابق عالمی چیمپئن اسپین سے ہوگا۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG