پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے شمالی مغربی صوبے سنکیانگ کے ایغور مسلمانوں سے متعلق چین کے مؤقف سے اتفاق کرتا ہے۔
چین کی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کے 100 برس مکمل ہونے پر جمعرات کو اسلام آباد میں چینی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایغور مسلمانوں سے متعلق چین کا مؤقف امریکہ اور مغربی ممالک کے ذرائع ابلاغ کی ایغور مسلمانوں سے متعلق رپورٹس سے بالکل مختلف ہے۔
عمران خان نے واضح کیا کہ چین کے ساتھ ہماری انتہائی قربت، تعلقات اور باہمی اعتماد کی وجہ سے ہم سنکیانگ سے متعلق چینی حکومت کے پروگرام کے بارے میں چین کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہیں۔
امریکہ اور مغربی ممالک کا یہ اعتراض رہا ہے کہ چین نے ایغور مسلمانوں کو حراستی مراکز میں قید کر رکھا ہے اور یہاں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور نسل کشی کی جا رہی ہے۔
البتہ، چین کا یہ مؤقف رہا ہے کہ اس نے صوبے میں علیحدگی پسندی کو کچلنے کے لیے علاقے میں نگرانی کا نظام قائم کر رکھا ہے۔ تاہم وہ یہاں معاشی اور سماجی ترقی کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیمیں اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ اکثر پاکستان سے یہ سوال کرتے ہیں کہ پاکستان جس طرح کشمیر اور فلسطین کے معاملات کا ذکر کرتا ہے اسی طرح چینی ایغور مسلمان کا معاملہ کیوں اُجاگر نہیں کرتا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی میڈیا کو ایغور مسلمانوں اور ہانگ کانگ کی زیادہ فکر ہے۔ لیکن بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر جہاں ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور وہاں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، یہ اُن کی نظروں سے اوجھل ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی نے طرزِ زندگی کا ایسا نظام متعارف کرایا جس نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا اور یہ نظام مغربی جمہوریت کے مقابلے میں بظاہر بہتر ثابت ہوا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے چینی نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے تعلقات، خطے کی صورتِ حال، افغانستان، چین پاکستان اقتصادی رہداری (سی پیک) پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے پاکستان اور چین کے انتہائی قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان کو بین الاقوامی اور سیاسی طور پر کوئی مشکل پیش آئی چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔