پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ مشرقی پاکستان اس لیے الگ ہوا کیوں کہ اکثریتی پارٹی کا مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا گیا تھا۔
منگل کو گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی جماعت کو فوج کے ساتھ لڑانے کی سازش کر رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ناانصافی مشرقی پاکستان کی علیحدگی جیسے بڑے سانحات کو جنم دیتی ہے۔
اُ ن کا کہنا تھا کہ مشرقی پاکستان میں عوامی لیگ کو اکثریت ملی، لیکن ایک سیاست دان نے اُن کا مینڈیٹ تسلیم کرنے کے بجائے اس پارٹی کو فوج کے سامنے لا کھڑا کیا۔
سابق وزیرِ اعظم بولے کہ اعظم سواتی کے گھر سے ایجنسیوں کے لوگ سی سی ٹی وی اُتار کر لے گئے۔ اعظم سواتی، ملک دُشمن یا غدار نہیں تھے۔ اُنہیں آزادیٔ اظہار کا حق تھا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحب اس معاملے میں ساری قوم، آپ کی طرف دیکھ رہی ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے نواز شریف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اُن کے خلاف لاہور میں کسی بھی حلقے سے الیکشن لڑ کے دیکھ لیں۔
آرمی چیف کی تقرری سے عمران خان کا کوئی لینا دینا نہیں: مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری سے عمران خان کا کوئی لینا دینا نہیں۔ یہ تقرری وزیرِ اعظم شہباز شریف آئین کے مطابق کریں گے۔
لندن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کا لانگ مارچ مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو موجودہ چیف الیکشن کمشنر پہلے تو اچھے لگتے تھے، لیکن اب اُنہیں یہ برے لگتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں کہ اس لانگ مارچ کے مقاصد کیا ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر عمران خان کو پہلے تو بہت اچھے لگتے تھے، لیکن اب وہ اُنہیں برا بھلا کہتے ہیں۔
عمران خان کے لانگ مارچ میں پانچ سو کے قریب لوگ ہیں: رانا ثناء اللہ
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ میں صرف 500 افراد شریک ہیں۔ لہذٰا عوام نے اس فتنہ مارچ کو مسترد کر دیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان ایک طرف کہتے ہیں کہ 'چوکیدار ' کی تنخواہ بند کر دو اور ساتھ ہی کہتے ہیں کہ خدا کے واسطے الیکشن کرا دو۔
وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ جو جتھہ یا لانگ مارچ اسلام آباد پر حملہ کرنے آئے گا، اسے ہر صورت میں روکا جائے گا۔
شہباز گل کا نام ای سی ایل میں شامل
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور عمران خان کے چیف آف اسٹاف ڈاکٹر شہباز گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر لیا گیا ہے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل کا نام وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔
اسلام آباد انتظامیہ نے شہباز گل کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں اسلام آباد کے مقامی تھانے میں مقدمہ درج ہے۔
شہباز گل نے آٹھ اگست کو نجی نیوز چینل 'اے آر وائی' کے پروگرام میں ملکی اداروں سے متعلق بیان دیا تھا کے بعد ان کی گرفتاری بھی عمل میں آئی تھی۔
تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کا نیا شیڈول جاری
تحریکِ انصاف کی جانب سے جاری کیے گئے نئے شیڈول کے مطابق عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ کا قافلہ منگل کو گوجرانوالہ سے نکل کو گوندلاوالہ روڈ کے مقام پر قیام کرے گا۔
بدھ کو یہ قافلہ پنڈی بائی پاس سے نکل کر وزیرِ آباد جائے گا جس کے بعد جمعرات کو گجرات اور پھر جمعے کو لالہ موسیٰ ، ہفتے کو کھاریاں سے سرائے عالمگیر اور پھر اتوار کو جہلم پہنچے گا۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ منگل کو گوجرانوالہ شہر سے نکل کر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا تھا۔
سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں 28 اکتوبر کو لاہور سے نکلنے والا حکومت مخالف لانگ مارچ پیر کی شام تک گوجرانوالہ کے علاقے چن دا قلعہ پہنچا تھا۔
پی ٹی آئی کا قافلہ چن دا قلعہ سے لانگ مارچ کے پانچویں روز اپنی اگلی منزل کی جانب بڑھے گا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت خصوصی کنٹینر پر موجود ہو گی۔
چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ جی ٹی روڈ پر عوام کے جوش و جذبےکے باعث ہم 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہی چل پا رہے ہیں۔ چنانچہ جو لوگ ہمارے منتظر ہیں اسی کےمطابق منصوبہ بندی کریں۔
اگر ہمارے ساتھ کم لوگ ہیں تو پھر حکومت خوفزدہ کیوں ہے: فواد چوہدری
تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ میں لوگ کم ہیں تو پھر حکومت خوفزدہ کیوں ہے۔
منگل کو گوجرانوالہ میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جو بھی ادارہ چاہے وہ عدالت ہو فوج ہو یا کوئی اور ادارہ ان کو عوام کے فیصلے تسلیم کرنا ہوں گے، کیوں کہ فیصلے کا اختیار صرف عوام کے پاس ہے۔
فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ روکنے کے لیے چار کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کی ہے جب کہ 30 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
عمران خان کا مارشل لا لگنے کا بیان قابلِ مذمت ہے: شیری رحمان
پیپلز پارٹی کی رہنما شیریں رحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا مارشل لا لگانے کا بیان قابلِ مذمت ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں شیریں رحمان کا کہنا تھا کہ جو سیاست دان 26 برس سے سیاسی جدوجہد کرنے کا دعویٰ کرے وہ یہ نہیں کہتا کہ مارشل لا لگانا ہے تو لگا دو۔
شیریں رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ اگر وہ اقتدار میں نہیں ہیں تو پھر کوئی نہ ہو۔۔
گوجرانوالہ میں تعلیمی ادارے بند
پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے پیشِ نظر گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ کے اطراف تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مقامی ٹی وی چینل 'جیو نیوز' کے مطابق مقامی حکام نے کہا ہے کہ چن دا قلعہ سے راہوالی تک سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے منگل کو بند رہیں گے۔
حکام کے مطابق طلبہ وطالبات کی حفاظت کے پیشِ نظر تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کا پانچواں روز، قافلہ آج گوجرانوالہ سے نکلے گا
پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کا آج پانچواں روز ہے ۔ عمران خان کی قیادت میں قافلہ گوجرانوالہ سے اپنی منزل کی جانب بڑھے گا۔
پی ٹی آئی کا لانگ مارچ پیر کو گوجرانوالہ کے علاقے چن دا قلعہ پہنچا تھا۔
عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ کے پانچویں روز پی ٹی آئی رہنما علی اشرف مغل کی رہائش گاہ سے نکلے گا اور اپنی اگلی منزل کی جانب سفر شروع کرے گا۔