پاکستانی خواتین اپنی صلاحیتوں کی بنا پر نا صرف ملکی سطح پر شہرت حاصل کر رہی ہیں، بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی خوب نام پیدا کر رہی ہیں۔ حال ہی میں، پاکستان کی میڈیا انڈسٹری کی جانی مانی شخصیت نجی اینٹرٹنمنٹ چینل کی سربراہ سلطانہ صدیقی کو شوبز میں خدمات انجام دینے پر 'پانچویں گریٹ خواتین ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے۔
سلطانہ کا شمار ان تمام خواتین میں ہوتا ہے، جنھوں نے میڈیا انڈسٹری کے مختلف شعبوں میں نام پیدا کیا۔
پانچویں گریٹ وومین ایوارڈ کی تقریب دبئی میں منعقد ہوئی جس میں شوبز اور بالی ووڈ انڈسٹری کی شخصیات بالی ووڈ اسٹارز عالیہ بھٹ، پرینیتی چوپڑا، نمرت کور، سروین چاولہ کو بھی ایوارڈ دئے گئے۔
سلطانہ صدیقی گزشتہ 40 برسوں سے میڈیا کے شعبے میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ پاکستان کا نجی ٹی وی چینل 'ہم ٹی وی' کی ڈائریکٹر جبکہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی پراڈکشن کی سرفہرست ناموں میں سلطانہ کا شمار ہوتا ہے۔ پاکستانی ٹی وی چینل ہم ٹی وی کے ڈراموں کو پاکستان سمیت پڑوسی ممالک میں بھی خوب پذیرائی حاصل رہی ہے۔
اس سے قبل، یہ ایوارڈ گزشتہ برس پاکستان میڈیا انڈسٹری کی ہی اہم شخصیت سدرہ اقبال کو دیا گیا تھا۔
'جی آر ایٹ وومین ایوارڈ' نامی یہ اعزاز پچھلے چند سالوں سے بھارت کی ٹی وی اکیڈمی کی جانب اپنی صلاحیتوں اور خدمات دینےوالی 16 خواتین کو دیا جاتا ہے۔