شام کے دارالحکومت دمشق میں حزبِ مخالف کی جماعتوں کی جانب سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلیے احتجاجی مظاہرہ کرنے کی کوشش کو سرکاری فورسز نے ناکام بنادیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف تنظیموں سے تعلق رکھنے ڈیڑھ سو کے لگ بھگ مظاہرین بدھ کے روز دمشق میں واقع وزارتِ داخلہ کے مرکزی دفتر کے باہر جمع ہوئے تھے جنہیں سیکیورٹی فورسز نے بزورِ طاقت منتشر کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق کئی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پرسیاسی قیدیوں کی رہائی اور صدر بشار الاسد کی مطلق العنان حکومت سے عوام کو مزید آزادیاں اور حقوق فراہم کرنے کے مطالبات درج تھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کم ازکم پانچ مظاہرین کو گرفتار بھی کرلیاہے۔
شامی حزبِ مخالف کے کارکنان کی جانب سے مظاہروں کی کوشش کا یہ مسلسل دوسرا روز تھا جسے حکومتی فورسز کی جانب سے ناکام بنادیا گیا۔
شامی حکومت کی جانب سے اپوزیشن ارکان کے خلاف گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری کریک ڈائون اور دیگر اقدامات کے باعث شام کی حزبِ مخالف کی تنظیمیں دیگر عرب ممالک کی طرح اب تک کوئی بڑا حکومت مخالف احتجاج نہیں کر پائی ہیں۔