سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے اہلکاروں نے اعلان کیا ہے کہ منگل کے روز نیویارک میں فردِ جرم کی کارروائی میں جج کے سامنے پیشی کے بعد ٹرمپ فلوریڈا میں رات کے وقت اپنے حامیوں سے خطاب کریں گے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ منگل کے روز مین ہٹن میں رضاکارانہ طور پر خود کو قانون کے حوالے کریں گے۔ ایسا پہلی بار ہوگا کہ کوئی سابق امریکی صدر مجرمانہ الزامات کا سامنا کرے گا۔
گزشتہ ہفتے مین ہٹن کی ایک گرینڈ جیوری نے ٹرمپ پر فردِ جرم عائد کی تھی۔ اُن پر 2016 کی صدارتی مہم کے دوران اسکینڈل سے بچنے کے لیے سابقہ پورن اسٹار اسٹارمی ڈینئیلز کو خاموش رہنے کے لیے رقم ادا کرنے کا الزام ہے۔
ٹرمپ خود پر عائد الزامات کی تردید کرتے ہیں اور اسے اپنے صدارتی امیدوار بننے کے خلاف سازش قرار دیتے ہیں۔
ٹرمپ کے خلاف یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وہ آئندہ برس ہونے والے صدارتی انتخابات کے ذریعے ایک بار پھر وائٹ ہاؤس میں واپسی کے خواہش مند ہیں۔
ٹرمپ کی انتخابی مہم کے اہلکاروں کے مطابق مین ہٹن میں ٹرمپ کی پیشی کے بعد واپسی پر فلوریڈا میں واقع ان کی رہائش گاہ مار ا لاگو پر ایک تقریب منعقد ہو گی جہاں وہ اپنا مضبوط اور مزاحمت کا چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
امید کی جا رہی ہے کہ ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد اس تقریب میں شرکت کرے گی۔
ٹرمپ کے ساتھی اور ان کے وکلا ان کے عوام اور رپورٹرز کے سامنے خطاب کے فیصلے کے بارے میں سوچ بچار میں مصروف ہیں۔ اگرچہ ان کے کچھ وکلا کا خیال ہے کہ انہیں فی الحال خاموشی اختیار کرنی چاہیے۔
ٹرمپ کی صدارتی مہم کا خیال ہے کہ فردِ جرم کے بعد ان کے حامیوں کے جوش میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کی مہم کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ فرد جرم کے اعلان کے بعد سے انہوں نے اب تک 50 لاکھ ڈالر کے عطیات اکٹھے کیے ہیں جب کہ 16 ہزار رضاکاروں نے ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے ایک مہم پر دستخط کیے ہیں۔
ٹرمپ کے ترجمان اسٹیون چیونگ کے مطابق فردِ جرم کی کارروائی کے بعد سے جوش و ولولہ اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی عوام ٹرمپ اور ان کے حامیوں کے خلاف ملک کے عدالتی نظام کو استعمال کرنے کے عمل سے تنگ آچکے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' (اے پی) کے مطابق ٹرمپ کے کیس کا علم رکھنے والے دو افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ ہفتے گرینڈ جیوری کے سامنے جو فرد جرم رکھی گئی تھی اس میں ٹرمپ کے خلاف کاروباری ریکارڈز میں تبدیلی کے دو الزامات کے علاوہ ایک سنگین جرم کا بھی الزام شامل ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ کے خلاف منظور ہونے والی فرد جرم فی الوقت سربمہر ہے۔
البتہ ٹرمپ فلوریڈا میں رہائش پذیر ہیں اور انہیں عدالت میں پیشی کے لیے فلوریڈ ا سے خفیہ سروس کے ساتھ نیویارک جانا ہو گا۔
حراست میں لیے جانے کے بعد اور جج کے سامنے پیش کرنے سے قبل ٹرمپ کی انگلیوں کے نشانات لیے جائیں گے اور ان کی تصویر اتاری جائے گی۔ انہیں اپنی ذاتی شناخت کرنے پر رہا کیا جائے گا۔