بلوچستان میں ایف سی کے قافلے پر منظم حملے میں 14 ہلاک

فائل

پاکستان کے شورش زدہ بلوچستان صوبے میں علیحدگی پسند جنگجوؤں نےنیم فوجی فورس ’فرنٹیئر کور‘ یعنی ایف سی کےایک قافلے پرمنظم انداز میں بم اور خودکارہتھیاروں سےاچانک حملہ کرکےکم ازکم 14 اہلکاروں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا۔

مقامی حکام کا کہنا ہےکہ ایف سی کی گاڑیاں معمول کےگشت پربدھ کو ضلع تربت میں کائی نامی علاقے سےگزررہی تھیں جب ریموٹ کنٹرول سےسڑک پرنصب بم سے ان پر حملہ کردیا گیا۔

گھات لگائے حملہ آوروں نے دھماکہ کرتے ہی گاڑیوں میں سوارفوجی اہلکاروں پر خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ بھی شروع کردی جو ہلاکتوں میں اضافے کا باعث بنی۔ ہلاک و زخمی ہونے والے اہف سی کےاہلکاروں کو تربت اسپتال پہنچایا گیا۔

کالعدم ’بلوچ لبریشن آرمی‘ نے یہ منظم حملہ کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

حکام نے بتایا کہ حملے کے بعد ایف سی اور لیویز کے تازہ دم دستوں نےعلاقے میں پہنچ کرحملہ آوروں کی تلاش کے لیے ’’سرچ آپریشن‘‘ شروع کردیا ہے۔