لیبیا میں تشدد پرامریکہ کی مذمت

لیبیا میں تشدد پرامریکہ کی مذمت

جو کچھ ہورہا ہے اُس کی ذمہ داری حکومتِ لیبیا کو قبول کرنی ہوگی اور اُسے چاہیئے کہ تشدد کے خاتمے اور شہریوں کے آفاقی حقوق کی بالادستی کے لیےاقدام کرے:امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیرِخارجہ ہلری کلنٹن نےلیبیا میں ہونےوالے تشدد کی مذمت کرتے ہوئےکہا ہےکہ خونریزی ناقابلِ قبول ہے۔

ہلری کلنٹن نے منگل کے دِن واشنگٹن میں کہا کہ امریکہ لیبیا میں رونما ہونے والے حالات کو خطرے اور گہری تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ جو کچھ ہورہا ہے اُس کی ذمہ داری لیبیا کی حکومت کو قبول کرنی ہوگی اور اُسے چاہیئے کہ تشدد کے خاتمے اور شہریوں کے آفاقی حقوق کی بالادستی کے لیےاقدام کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یمن اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر مقامات سے تشدد کی خبریں موصول ہونے پراُنھیں گہری تشویش ہے۔ اُنھوں نے خطے کی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ تحمل سے کام لیں اور اپنے لوگوں کے حقوق کا احترام کریں۔

ہلری کلنٹن نے کچھ قیدیوں کو رہا کرنے اور بحرینی معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ساتھ مکالمہ جاری کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ اُنھوں نے برداشت کو اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پُر امن احتجاجیوں کے خلاف تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ نئے تیونس اور مصر کےحصول کی طرف ابھی ایک ابتدا ہوئی ہے۔ اُنھوں نے مصری راہنماؤں کا خیرمقدم کیا جنھوں نے ایک جمہوری حکومت کی طرف گامزن ہونےکے لیے باقاعدہ عبوری دورکاسفر جاری رکھنے کےعزم کا اظہار کیا ہے۔