افغانستان میں نو سال سے جاری جنگ میں حصہ لینے کے لئے امریکہ نے پہلی مرتبہ جدید اسلحے سے لیس ٹینک جنوبی افغانستان بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکہ کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ایم ون ابرام نامی ٹینک جنوبی افغانستان میں تعینات کئے جائیں گے۔ جنوبی افغانستان کےصوبے ہلمند میں امریکی فوجی اس وقت عسکریت پسندوں کے ساتھ شدید جنگ میں مصروف ہیں۔
ستر ٹن وزنی ابرام ٹینک کی مدد سے زمینی دستے تیز رفتاری اور زیادہ طاقت کے ساتھ زیادہ فاصلے پردشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹینک کے ذریعے امریکی مرین شدت پسندوں کو آبادی والے علاقوں سے الگ کر کے ان سے نمٹنے میں کامیاب ہو سکیں گے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ آئیندہ ماہ میں چودہ ٹینک تعینات کئے جا سکیں گے۔
اتحادی افواج میں شامل کینیڈا اور ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے دستے بھاری اسلحے سے لیس ٹینک استعمال کر چکے ہیں۔